مظفرآباد میں انٹیلی جنس بنیادوں پر کامیاب کارروائی کرتے ہوئے پانچ مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے خفیہ اطلاع پر چہلہ کے علاقے میں ٹارگٹڈ آپریشن کیا۔
مظفرآباد میں انٹیلی جنس بنیادوں پر کامیاب کارروائی ، پانچ مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا گیا

مزید خبریں
مظفرآباد۔9جون (اے پی پی):مظفرآباد میں انٹیلی جنس بنیادوں پر کامیاب کارروائی کرتے ہوئے پانچ مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے خفیہ اطلاع پر چہلہ کے علاقے میں ٹارگٹڈ آپریشن کیا۔
گرفتار افراد کے قبضے سے لیپ ٹاپس، موبائل فونز اور دیگر مواصلاتی آلات برآمد ہوئے ہیں۔ ابتدائی تحقیقات میں ڈیجیٹل آلات سے مشکوک روابط اور حساس نوعیت کا مواد بھی سامنے آیا ہے۔ دورانِ تفتیش ایک ملزم کی نشاندہی پر اسلحے کا بڑا ذخیرہ بھی برآمد کر لیا گیا ہے، قبضے میں لیے جانے والے اسلحے میں سات خودکار ہتھیار، متعدد گرینیڈز اور دیگر جنگی سامان سمیت حساس تنصیبات کے نقشے اور مبینہ حملہ منصوبے بھی شامل ہیں۔ گرفتار ملزمان کے قبضے سے حساس مقامات سے متعلق دستاویزات اور ریکارڈ بھی ملا ہے۔ اس کے علاوہ دشمن خفیہ ایجنسی کے ساتھ مبینہ رابطوں کے شواہد بھی تحقیقات کا حصہ بن گئے ہیں۔ گرفتار ملزمان سے برآمد شدہ موبائل فونز، لیپ ٹاپس اور دیگر مواد کا فرانزک و تکنیکی تجزیہ جاری ہے۔ تفتیش کار ممکنہ سہولت کاروں، مالی معاونت کے ذرائع اور وسیع نیٹ ورک کی چھان بین کر رہے ہیں۔ بروقت کارروائی سے حساس تنصیبات اور عوامی سلامتی کو ممکنہ خطرے سے محفوظ بنایا گیا ہے۔ اس حوالے سے حکام کا کہنا تھا کہ ریاستی سلامتی، امن عامہ اور قومی مفادات کے خلاف کسی بھی سرگرمی کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ قومی سلامتی کے خلاف سرگرمیوں میں ملوث عناصر کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ مشکوک سرگرمیوں کی فوری اطلاع متعلقہ اداروں کو دیں۔ قانون نافذ کرنے والے ادارے تمام پہلوؤں سے تحقیقات جاری رکھے ہوئے ہیں۔








