ملکی ترقی کیلئے نئے ڈیمز کی تعمیر کی رفتار کو بڑھانا ناگزیر ہے،خورشید شاہ

ملکی ترقی کیلئے نئے ڈیمز کی تعمیر کی رفتار کو بڑھانا ناگزیر ہے،خورشید شاہ

اسلام آباد۔21اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے آبی وسائل سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ ملکی ترقی کیلئے نئے ڈیمز کی تعمیر کی رفتار کو بڑھانا ناگزیر ہے، ڈیموں اور پانی کے دیگر ذخائر کے بھرپور استعمال سے ہم انرجی اور زراعت کے شعبے میں انقلاب برپا کر سکتے ہیں اور ہم اس شعبے کی تیز تر ترقی کیلئے اپنی بھرپور کوشش کریں گے ۔

وزارت آبی وسائل کے افسران سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ اگر ہم نے بطور ٹیم قومی جذبے سے کام کیا تو ہم اس ملک کی تقدیر بدلنے میں کامیاب ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پانی سے زندگی، زراعت،صنعت اور ہماری ترقی وابستہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک کے اجتماعی مفاد کیلئے ہم سب انتہائی محنت اور لگن سے کام کریں گے تاکہ ہم اس ملک کی ترقی میں اپنا نمایاں کردار ادا کرسکیں ۔ اس موقع پر سیکرٹری وزارت آبی وسائل ڈاکٹر کاظم نیاز نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ وزیر ابی وسائل کے حوصلہ افزا الفاظ سے ہمارے حوصلے بھی بلند ہو گئے ہیں۔

انہوں نے کہا ہم نے ہمیشہ خلوص، لگن اور ایمانداری سے کام کیا ہے اور وزیر آبی وسائل کی سربراہی میں ہم بطور ٹیم مزید لگن اور محنت سے کام کریں گے۔

وزیر آبی وسائل نے کہا کہ ڈیمز اور پانی کے دیگر ذخائر کے بھرپور استعمال سے ہم انرجی اور زراعت کے شعبے میں انقلاب برپا کر سکتے ہیں اور ہم اس شعبے کی تیز تر ترقی کیلئے اپنی بھرپور کوشش کریں گے اور اس کام کومشن کے طور پر آگے بڑھائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ملکی ترقی کیلئے نئے ڈیمز کی تعمیر کی رفتار کو بڑھانا ناگزیر ہے اور اس مقصد کیلئے مزید مالی وسائل پیدا کرنے کے بھی اقدامات کئے جائیں گے۔