ملک بھر کی طرح صوبائی دارالحکومت لاہور میں بھی شب برات مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی

ملک بھر کی طرح صوبائی دارالحکومت لاہور میں بھی شب برات مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی

لاہور۔7مارچ (اے پی پی):ملک بھر کی طرح صوبائی دارالحکومت لاہور میں بھی شب برات مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی۔اس موقع پر مساجد اور گھروں پر نفلی عبادات اور شب بیداری کا خصوصی اہتمام کیا گیا۔اس کے علاوہ شہر کی چھوٹی بڑی مساجد اور دیگر عبادت گاہوں میں بابرکت محافل کا اہتمام کرنے کے علاوہ شب بیداری کی گئی اور رات بھر عبادات اور نوافل ادا کیے گئے۔فرزندان اسلام نے شب برات کے اجتماعات میں اللہ تعالی کے حضور اپنے گناہوں سے توبہ، ملک اور قوم کی سلامتی، عالم اسلام کی سربلندی اور اپنے مرحومین کی مغفرت اور بلند درجات کے لئے خصوصی دعائیں مانگیں۔

شب برات کے موقع پرلوگوں نے اپنے پیاروں کی قبروں پر پھول چڑھانے اور فاتحہ خوانی کے لئے قبرستانوں کا رخ کیا۔لاہور کے تعلیمی اداروں میں بھی شب برات کی مناسبت سے خصوصی تقریبات کا اہتمام کیا گیا ۔ اس موقع پر اساتذہ اور مذہبی سکالرز نے اپنے خطابات میں شب برات کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔