ملک میں صحت مندانہ اور فطرت کے قریب سرگرمیوں کا فروغ از حد ضروری ہے ،صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی

اسلام آباد۔4فروری (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ملک میں صحت مندانہ اور فطرت کے قریب سرگرمیوں کے فروغ کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ گولف کا کھیل انسان کو فطرت کے قریب لاتا ہے، ورزش اور جسمانی مشقت انسانی صحت کے لئے ازحد ضروری ہیں۔ ہفتہ کو ایوان صدر میڈیا ونگ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق صدر مملکت نے اسلام آباد میں گولف ٹورنامنٹ کی اختتامی تقریب میں شرکت کی ۔

تقریب میں پاکستان بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی، سی ای او سیرینا ہوٹلز عزیز بولانی اور مرد و خواتین گولفرز بھی شر یک تھے ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئےصدر مملکت نے کہا کہ فطرت سے قربت صحت مندانہ عمل ہے جو بہتر فیصلہ سازی میں مدد دیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں گولف جیسی صحت مندانہ سرگرمیوں کا فروغ ضروری ہے۔ صدر مملکت نے اس موقع پر گولف ٹورنامنٹ جیتنے والوں اور گالف کے مختلف شعبوں میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے گالفرز میں انعامات بھی تقسیم کیے۔

عزیز بولانی نے تقریب کے شرکا ءکو پاکستان میں کھیلوں کے فروغ بالخصوص گالف کے فروغ کیلئے اپنے ہوٹل کے سپورٹس سفارتکاری کے اقدام کے بارے میں آگاہ کیا۔ قبل ازیں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اسلام آباد میں کامیاب گولف ٹورنامنٹ کرانے پر سرینا ہوٹلز کی سپورٹس سفارتکاری کے اقدام کو بھی سراہا۔