منشیات سے پاک معاشرہ کے مقصد کے حصول کے لئے بحالی مرکز کا قیام درست سمت میں قدم ہے، اکبر درانی

72
منشیات سے پاک معاشرہ کے مقصد کے حصول کے لئے بحالی مرکز کا قیام درست سمت میں قدم ہے، اکبر درانی

اسلام آباد۔26مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر انسداد منشیات بریگیڈیئر (ر) اعجاز احمد شاہ کی ہدایات پر وفاقی سیکریٹری نارکوٹکس کنٹرول اکبر درانی نے اسلام آباد میں جدید ترین بحالی مرکز کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کی۔ ڈائریکٹر جنرل اینٹی نارکوٹکس فورس میجر جنرل عارف ملک نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔

گزشتہ اجلاسوں میں بحالی مرکز کی ضرورت پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا اور اس بات پر اتفاق کیا گیا تھا کہ وفاقی دارالحکومت میں پائلٹ پراجیکٹ مکمل کیا جائے گا اور اس منصوبہ کی ہر صوبے میں تقلید کی جائے گی۔ اس بات کو یقینی بنانے کے لئے کہ بحالی مرکز بین الاقوامی معیارات کے مطابق بنایا جائے، کریم خان آفریدی ویلفیئر فائونڈیشن (کے کے اے ڈبلیو ایف) کی مس کرسٹینا نے تفصیلی پریزنٹیشن دی جس میں ترکی، اٹلی اور روس میں کام کرنے والے ماڈلز کا حوالہ دیا گیا۔ یہ تجویز دی گئی کہ اگر بروقت زمین حاصل کرلی جائے تو منصوبہ پر فوری کام شروع کیا جا سکتا ہے۔

وفاقی سیکریٹری انسداد منشیات اکبر درانی نے تجویز دی کہ کسی تاخیر کے بغیر دستیاب وسائل کو استعمال کرتے ہوئے زمین کے حصول کا عمل کو تیز کرنا چاہئے۔ انہوں نے اس حقیقت پر زور دیا کہ یہ ایک قومی کاز ہے، منشیات سے پاک معاشرہ ہماری آئندہ نسلوں کے مستقبل کو محفوظ بنائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ تمام اسٹیک ہولڈرز کو اس منصوبہ کو عملی جامہ پہنانے کے لئے بھرپور کوششیں کرنا ہوں گی۔

اجلاس کے شرکاءنے تجاویز کی تائید کی اور بحالی کے بین الاقوامی معیارات کی بنیاد پر کام شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں ڈائریکٹر (پی اینڈ ڈی) اے این ایف ڈی آئی جی خالد خٹک، ڈائریکٹر جنرل انٹرنل پبلسٹی منظور علی میمن، ایڈوائزر ڈی ڈی آر اینڈ ایچ آئی وی ایڈز یو این او ڈی سی ڈاکٹر منظور الحق، کریم خان آفریدی ویلفیئر فائونڈیشن کی چیئرپرسن مس کرسٹینا وون سپرلنگ آفریدی، ڈپٹی ڈی جی پلاننگ سی ڈی اے ظفر اقبال ظفر،

ڈائریکٹر ریڈیو خالد نزہت اور وزارت اطلاعات و نشریات، پی ٹی وی اور نیوٹیک کے نمائندوں اور وزارت انسداد منشیات کے حکام نے شرکت کی۔