موجودہ معاشی اور دہشت گردی کے چیلنجز سابقہ ​​حکومت کی ناقص پالیسیوں کا نتیجہ ہے،وفاقی وزیر احسن اقبال

کراچی۔2فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہا ہے کہ ملک کو درپیش معاشی بحران اور دہشت گردی کے چیلنجز سابقہ ​​حکومت کی ناقص پالیسیوں کے باعث پیدا ہوئے۔

جمعرات کو سندھ انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (ایس آئی ڈی سی ایل) کے دفتر میں گرین لائن بی آر ٹی ایس کے کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ گزشتہ 9 سالوں کے دوران تحریک انصاف کے خیبر پختونخوا کے صوبائی حکومت کو انسداد دہشت گردی کے مقاصد کے لیے 470 ارب روپے فراہم کیے گئے تاہم پی ٹی آئی کی پختونخوا حکومت نے فنڈز کو اس مقصد کے لیے استعمال کرنے کے بجائے اپنے ایم این ایز اور ایم پی ایز میں تقسیم کئے۔انہوں نے کہا کہ اس کے نتیجے میں کے پی کے کا سی ٹی ڈی صوبے میں دہشت گردی کے انسداد کے لیے غیر موثر محکمہ رہا جبکہ شہباز شریف نے بطور وزیراعلیٰ پنجاب اپنے دور میں سی ٹی ڈی پنجاب کو سب سے موثر اور قابل ادارہ بنایا۔

وفاقی وزیراحسن اقبال نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے کے پی کے میں اپنے 9 سالہ دور حکومت میں پشاور میں سیف سٹی پراجیکٹ شروع کرنے کے لیے کوئی قدم نہیں اٹھایا جو ملک میں دہشت گردی سے سب سے زیادہ متاثرہ شہر تھا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت اپنی مدت کے مختصر عرصے میں ملک کو معاشی بحران سے نکالنے کے لیے اور بحران کے دیرپا حل کے لیے اقدامات کرے گی۔وفاقی وزیر نے کہا کہ برآمدات پر مبنی معیشت بنانے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے اور اس سلسلے میں حکومت کی جانب سے نجی شعبے کو ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔

ملک کے نوجوانوں کو آئی ٹی کی مہارتوں سے آراستہ کیا جائے گا اور حکومت کی جانب سے نوجوانوں کو فنی تربیت دینے کے لیے پروگرام شروع کیے جائیں گے تاکہ وہ بین الاقوامی سطح پر روزگار کے لئے مطلوبہ ضروریات کو پورا کر سکیں۔انہوں نے کہا کہ عوام پی ٹی آئی کی قیادت سے ناقص کارکردگی، غلط فیصلوں اور ملک کو معاشی بحران میں ڈالنے پر جواب مانگے گی۔ احسن اقبال نے کہا کہ پی ٹی آئی قیادت ملک میں انتشار پھیلانے کے ایجنڈے پر کام کر رہی ہے،پارٹی نے ریاستی اداروں کے خلاف ایک بے مثال مہم چلائی ہے اور اداروں اور عوام میں اختلافات پیدا کرنے کی کوشش کی ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کراچی سے کوئی سیٹ نہ جیتنے کے باوجوداس بات کو مدنظر رکھتے ہوئے کہ یہ شہر ملک کا مالیاتی دارالحکومت ہے، مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے شہر میں میگا پبلک ٹرانسپورٹ اور دیگر منصوبے شروع کیے۔ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے کراچی کی خدمت کو اپنی ذمہ داری سمجھا اور مسلم لیگ (ن) کی حکومت کے دور میں اس کے امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے اقدامات بھی کیے گئے۔

ایک اور سوال کے جواب میں احسن اقبال نے کہا کہ وفاقی حکومت شہرقائد کے امن و امان کی صورتحال میں مزید بہتری کے لیے صوبائی حکومت کو تمام ضروری تعاون فراہم کرے گی۔ جمہوریت کے پٹری سے اترنے سے متعلق افواہوں سے متعلق سوال پر احسن اقبال نے جواب دیا کہ ملک میں جمہوریت کے پٹری سے اترنے کا کوئی امکان نہیں،جمہوریت کو پٹری سے اتارنے کی بات کرنے والا پاکستان کا دشمن تو ہو سکتا ہے دوست نہیں۔