پشاور۔ 24 فروری (اے پی پی):پشاور میں موسم بہار شجرکاری مہم بھرپور انداز میں جاری ہے۔ ڈپٹی کمشنر پشاور سرمد سلیم اکرم کی سربراہی میں میرہ کچوری میں شجرکاری مہم کے تحت 480 سے زائد پودے لگائے گئے۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر (صدر) ڈاکٹر عزا ارشد، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر سمیعہ جبین، اسسٹنٹ کمشنر (یوٹی) علینہ، سب ڈویژنل فارسٹ آفیسر عبدالستار سمیت محکمہ جنگلات کے افسران، ریونیو اہلکار، اساتذہ، طلبہ، عوامی نمائندگان اور مقامی افراد کی بڑی تعداد موجود تھی، جنہوں نے شجرکاری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ ڈپٹی کمشنر پشاور نے شجرکاری کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پشاور کو سرسبز بنانے کے لیے اجتماعی کوششیں ناگزیر ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ موسم بہار شجرکاری مہم کے دوران پشاور بھر میں آٹھ لاکھ سے زائد پودے لگائے جائیں گے تاکہ ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے اور شہر کو مزید خوبصورت بنانے میں مدد ملے۔ انہوں نے مزید کہا کہ درخت نہ صرف ماحولیاتی بہتری میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں بلکہ آلودگی کم کرنے، آکسیجن فراہم کرنے اور درجہ حرارت متوازن رکھنے میں بھی معاون ثابت ہوتے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر پشاور نے طلبہ اور مقامی افراد سے بھی گفتگو کی اور انہیں شجرکاری کی اہمیت اور ماحولیاتی تحفظ کے بارے میں آگاہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کو اس مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہیے کیونکہ یہ ہمارے مستقبل کی بہتری کے لیے ایک اہم قدم ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ ہم سب کو یہ عہد کرنا ہوگا کہ نہ صرف زیادہ سے زیادہ درخت لگائیں گے بلکہ ان کی حفاظت بھی یقینی بنائیں گے تاکہ یہ درخت پروان چڑھ کر ہمارے شہر کو سرسبز اور خوبصورت بنا سکیں۔
ڈپٹی کمشنر پشاور نے مقامی افراد کو بھی شجرکاری مہم میں بھرپور شرکت کی ترغیب دی اور انہیں گھروں، دفاتر اور گلی محلوں میں درخت لگانے کی روایت کو فروغ دینے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ عوامی شمولیت کے بغیر کسی بھی ماحولیاتی مہم کی کامیابی ممکن نہیں اور اجتماعی ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ضروری ہے تاکہ آنے والی نسلوں کو ایک بہتر اور صحت مند ماحول فراہم کیا جا سکے۔
ڈپٹی کمشنر پشاور نے محکمہ جنگلات، ریونیو اہلکاروں، اساتذہ اور طلبہ کے جوش و خروش کو سراہا اور کہا کہ ضلعی انتظامیہ پشاور شجرکاری مہم کی کامیابی کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ تعلیمی اداروں، سرکاری دفاتر، پارکوں اور دیگر عوامی مقامات پر بھی شجرکاری کے عمل کو تیز کیا جا رہا ہے تاکہ پشاور کو ایک سرسبز اور ماحولیاتی لحاظ سے بہتر شہر بنایا جا سکے۔