مڈ کورٹ ایتھلیٹس انریورلڈ اے ٹی ایف لیگ ون انڈر14 چیمپئن شپ پی ٹی ایف ٹینس کمپلیکس اسلام آباد میں شروع

اسلام آباد۔3اکتوبر (اے پی پی):پاکستان ٹینس فیڈریشن کے زیر اہتمام مڈ کورٹ ایتھلیٹس انریورلڈ اے ٹی ایف لیگ ون انڈر14 چیمپئن شپ پی ٹی ایف ٹینس کمپلیکس اسلام آباد میں شروع ہوگئی۔ پیرکو پی ٹی ایف کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق لیگ ون ایونٹ میں پاکستان بھر سے انڈر14 کھلاڑیوں کی کثیر تعداد شرکت کررہی ہے،یہ ایونٹ کھلاڑیوں کو اپنی اے ٹی ایف رینکنگ کو بہتر بنانے کا ایک بہت اچھا موقع فراہم کرے گا جو مستقبل میں ان کے لیے بہت مفیدثابت ہوگا۔ ایونٹ کو ایتھلیٹس انریورلڈ اور پرو ٹینس اکیڈمی دبئی نے سپانسر کیا ہے۔ اس ٹورنامنٹ کی ڈائریکٹر زائرہ احمد ذکاءہیں اورمحمد عارف قریشی ٹورنامنٹ ریفری کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔

ایونٹ کے پہلے روز دو میچ کھیلے گئے جن میں ابوبکر طلحہ نے معظم بابرخان کو0-6 اور0-6 سے شکست دی جبکہ دورسے میچ میں محمد عثمانی نے اسماعیل آفتا ب کو0-6 اور0-6 سے ہرا دیا۔پاکستان ٹینس فیڈریشن کے صدر سلیم سیف اللہ خان نے ایک پیغام میں تمام شرکا کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور انہیں پاکستان کے لیے فخر کا باعث بننے کے لیے اسی جوش اور جذبے کے ساتھ کام جاری رکھنے کا مشورہ دیا۔ انہوں نے مڈ کورٹ کی بانی زائرہ احمد ذکاء کی ٹینس کے کھیل کے فروغ کےلئے قابل قدرکوششوں اور معاونت کوسراہ اورکہا کہ وہ دوسروں کے لئے رول ماڈل ثابت ہوئی ہیں۔