نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈار کا صومالیہ کے وزیر خارجہ عبدالسلام علی سے ٹیلیفونک رابطہ، ایم ٹی آنر 25 پر سوار پاکستانی یرغمالیوں کی رہائی کیلئے جاری کوششوں پر تبادلہ خیال

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے صومالیہ کے وزیر خارجہ عبدالسلام علی سے ٹیلیفونک رابطہ کیا جس میں ایم ٹی آنر 25 پر سوار پاکستانی یرغمالیوں کی رہائی کے لیے جاری کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اسلام آباد۔9جون (اے پی پی):نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے صومالیہ کے وزیر خارجہ عبدالسلام علی سے ٹیلیفونک رابطہ کیا جس میں ایم ٹی آنر 25 پر سوار پاکستانی یرغمالیوں کی رہائی کے لیے جاری کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

پاکستان اپریل 2026ء میں صومالیہ کے ساحل کے قریب جہاز کے اغواء کے بعد سے صومالی حکام کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے۔منگل کے روز دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے صورتحال پر پاکستان کی گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے یرغمالیوں کی خیریت، ان کی جلد از جلد رہائی اور محفوظ وطن واپسی کی اہمیت پر زور دیا۔صومالی وزیر خارجہ عبدالسلام علی نے یقین دہانی کرائی کہ ان کی حکومت یرغمالیوں کی جلد از جلد رہائی کے لیے مخلصانہ اور مسلسل کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔ دونوں رہنمائوں نے اس معاملے کے حل تک قریبی رابطہ اور باہمی تعاون برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور صومالیہ کے درمیان دوطرفہ تعلقات میں مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار بھی کیا۔ صومالی وزیر خارجہ نے خطے میں پاکستان کی تعمیری ثالثی اور سفارتی کوششوں کو سراہا۔

مزید خبریں