نائب وزیر اعظم سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی یوم پاکستان پر قوم کو مبارکباد

112

اسلام آباد۔23مارچ (اے پی پی):نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے یوم پاکستان کے موقع پر قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ 23 مارچ 1940 کی تاریخی دن برصغیر کے مسلمانوں نے ’’قرارداد پاکستان‘‘ منظور کی اور ایک علیحدہ وطن کا مطالبہ کیا جہاں وہ اسلام کے اصولوں کے مطابق زندگی گزار سکیں، ع ہم اپنے آباؤ اجداد کی غیر متزلزل اور دلیرانہ کوششوں، وژن اور عزم کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور ان کا احترام کرتے ہیں۔

یوم پاکستان کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ ہمارے آبائو اجداد کی غیر متزلزل جدوجہد کے نتیجے میں ایک آزاد پاکستان کا قیام عمل میں آیا۔ قائداعظم محمد علی جناح نے پاکستان کی تحریک کی قیادت کرتے ہوئے بے شمار چیلنجوں پر شاندار لچک، بہادری اور یقین کے ساتھ قابو پالیا۔ انہوں نے کہا کہ جب ہم یوم پاکستان کا جشن مناتے ہیں تو دراصل ہم اتحاد، ایمان اور نظم و ضبط کی اقدار کے لیے اپنی لگن کا اعادہ کرتے ہیں جنہوں نے ہمیں اس مقام تک پہنچایا ہے۔

ہم اپنے شہداء اور ہیروز کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہیں، جو پاکستان کے لیے باعث فخر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر سال 23 مارچ کو ہمیں اپنے ملک کے سفر پر اجتماعی طور پر غور کرنے، اپنے ماضی کے تجربات سے سبق حاصل کرنے اور ایک بہتر مستقبل کے لیے جدوجہد کرنے کا پختہ عہد کرنے کا موقع ملتا ہے۔

پاکستان وہ شناخت ہے جو ہم نے بے پناہ قربانیوں کے ذریعے بنائی ہے۔ ایک قوم کے طور پر متحد ہو کر ہم اس کے دفاع اور تحفظ کا عہد کرتے ہیں۔ میں اپنے ہم وطن پاکستانیوں سے اپیل کرتا ہوں ، آپ جہاں کہیں بھی ہو آپ کی کامیابیاں پاکستان کی کامیابیوں کی نمائندگی کرتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس دن، آئیے ہم اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کی حق خودارادیت کے ناقابل تنسیخ جدوجہد میں ان کی جدوجہد اور غیر معمولی قربانیوں کا بھی احترام کریں۔ بھارتی غیر قانونی زیر قبضہ کشمیر کے عوام کو اس وقت بھارتی قابض افواج کے شدید جبر اور ریاستی سرپرستی میں دہشت گردی کا سامنا ہے۔

جب تک مقبوضہ کشمیر کے مظلوم افراد کو ان کا حق خود ارادیت نہیں ملتا تب تک پاکستان اخلاقی اور سفارتی مدد فراہم کرنے کے اپنے عزم پر ثابت قدم رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ اس خاص دن پر بیرون ملک مقیم اپنے ساتھی پاکستانیوں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں اور ان کی حب الوطنی، لگن اور محنت کو سراہتا ہوں، وہ فخر کے ساتھ بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کرتے ہیں اور ملک کی مستقبل کی کامیابی کو تشکیل دینے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔