نامور صحافی وافسانہ نگار مسعوداشعر کی پہلی برسی 5جولائی کومنائی جائے گی

نامور صحافی وافسانہ نگار مسعوداشعر

ملتان۔3جولائی (اے پی پی):نامور افسانہ نگار، کالم نگار اور صحافی مسعود اشعر کی پہلی برسی 5جولائی کو منائی جائے گی۔مسعود اشعر کا اصل نام مسعود احمد خان تھا۔ وہ دس فروری 1931 کو رام پور میں پیدا ہوئے۔

قیام پاکستان کے بعد لاہور اور ملتا ن میں قیام پذیر رہے۔مسعود اشعر کئی برس تک روزنامہ امروز ملتان کے اقامتی ایڈیٹر کی حیثیت سے فرائض انجام دیتے رہے انہوں نے آزادی صحافت کے لئے متعدد آمریتوں میں بہادرانہ جدوجہد کی۔

حکومت پاکستان نے انہیں ستارہ امتیاز اور صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی سے بھی نوازاتھا۔وہ ایک طویل عرصے سے لاہور میں قیام پذیر تھے اور معروف علمی ادارے مشعل بکس کے سربراہ تھے۔ وہ روزنامہ جنگ اور روزنامہ دنیا میں ہفتہ وار کالم بھی لکھتے تھے۔ ان کا 91برس کی عمر میں گزشتہ برس لاہور میں انتقال ہوگیاتھا۔