نجم سیٹھی کا ایلیٹ پینلسٹ کے طور پر پاکستان کے مثبت تشخص اجاگر کرنے پر علیم ڈار کا شکریہ

نجم سیٹھی کا ایلیٹ پینلسٹ کے طور پر پاکستان کے مثبت تشخص اجاگر کرنے پر علیم ڈار کا شکریہ

کراچی۔16مارچ (اے پی پی):پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئر مین نجم سیٹھی نے احسن رضا کو آئی سی سی ایلیٹ پینل آف امپائرز میں ترقی پر مبارکباد دی ہے اور علیم ڈار کا تقریبا دو دہائیوں تک ایلیٹ پینلسٹ کے طور پر خدمات پر شکریہ ادا کیا ہے۔ احسن رضا 2010سے آئی سی سی انٹرنیشنل پینل آف امپائرز کے رکن ہیں اور بطور امپائر 50 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل نمبر تک پہنچنے والے پہلے امپائر ہیں۔ مجموعی طور پر انہوں نے 70 ٹیسٹ اور 41ون ڈے کے ساتھ 72ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں امپائرنگ کی ہے۔

احسن رضا پینل میں ہم وطن علیم ڈار کی جگہ لیں گے جو 2004میں ممتاز گروپ میں شامل ہوئے تھے۔ علیم نے ریکارڈ 144ٹیسٹ اور 222ون ڈے اور69ٹی ٹوئنٹی سمیت عالمی ریکارڈ 435بین الاقوامی میچوں میں امپائرنگ کی۔ علیم نے 2009 سے 2011تک لگاتار تین سال تک آئی سی سی امپائر آف دی ایئر کا ایوارڈ جیتا تھا۔

پاکستان کرکڑ بورڈ (پی سی بی) سے جمعرات کو یہاں جاری اعلامیہ کے مطابق نجم سیٹھی نے کہا کہ یہ پوری قوم کے لئے بڑے فخر اور خوشی کا لمحہ ہے کہ احسن رضا آئی سی سی ایلیٹ پینل آف امپائرز میں تعینات ہونے والے تیسرے پاکستانی امپائر بن گئے ہیں، میں احسن کو اس شاندار کامیابی پر مبارکباد دیتا ہوں اور مجھے یقین ہے کہ وہ اس عظیم پیشے کے امیج اور پروفائل کو مزید نکھارنے کے لئے لگن اور جذبے کے ساتھ محنت کرتے رہیں گے۔

احسن بہت سے نوجوان اور آنے والے امپائرز کے لیے ایک رول ماڈل ہیں اور ان کی بلندی اس بات کو ظاہر کرتی ہے کہ ہمارے پاس پاکستان میں باصلاحیت امپائر ہیں جو ٹاپ کیٹیگری میں آنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں، مجھے امید ہے کہ ہم پی سی بی میں اپنے ملکی اور بین الاقوامی میچوں میں ان کی مہارت، علم اور تجربے کو استعمال کرتے رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ میں علیم ڈار کو ایک ایلیٹ پینلسٹ کے طور پر ان کے کامیاب کیریئر پر بھی مبارکباد دیتاہوں، وہ 2004میں آئی سی سی ایلیٹ پینل آف امپائرز کے رکن بننے والے پہلے پاکستانی تھے اور اس کے بعد سے انہوں نے اپنے آپ کو سب سے زیادہ قابل احترام اور اعلی تعلیم یافتہ امپائروں میں منوایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اپنے شاندار کیریئر کے دوران انہوں نے اپنے کام کی اخلاقیات، کھیل کے ساتھ غیر منقسم عزم، اچھی فیصلہ سازی اور بہترین انتظامی مہارتوں کے ذریعے دنیا بھر میں پذیرائی حاصل کی۔ وہ ایلیٹ پینل میں خدمات انجام دینے والے بہترین امپائروں میں سے ایک ہیں۔انہوں نے کہا کہ علیم نسل در نسل امپائرز کے لیے رول ماڈل رہے ہیں۔

پی سی بی بہت خوش قسمت ہو گا کہ ان کو سسٹم میں ضم کر کے ان کی دستیابی سے بھرپور فائدہ اٹھایا جاسکے تاکہ وہ نوجوان امپائروں کو تیار کرسکیں،جس کے نتیجے میں ہمیں ڈومیسٹک میں امپائرنگ کے معیار میں نمایاں بہتری لانے میں مدد ملے گی۔اور ایسے امپائرز بھی تیار کریں جو بین الاقوامی اور ایلیٹ پینلز میں پاکستان کی نمائندگی کر سکیں۔