اسلام آباد۔24اگست (اے پی پی):نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے جمعرات کو وزارت خارجہ کا دورہ کیا۔ وزارت خارجہ پہنچنے پر نگراں وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی اور سینئر افسران نے وزیراعظم کا استقبال کیا۔
وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق سیکرٹری خارجہ محمد سائرس سجاد قاضی نے وزیراعظم کو پاکستان کی خارجہ پالیسی کے بارے میں بریفنگ دی۔ بریفنگ میں پاکستان کے خارجہ تعلقات، وزارت خارجہ کی کارکردگی، دیگر ممالک کے ساتھ سفارتی تعلقات کو مضبوط بنانے کی حالیہ کوششوں اور مستقبل کے لئے ترجیحات، خاص طور پر علاقائی اور عالمی پیش رفت کے تناظر میں پیشرفت کا احاطہ کیا گیا۔
وزیراعظم کو وزارت خارجہ کی جانب سے بیرون ملک کام کرنے اور مقیم پاکستانیوں کی سہولت کے لئے متعلقہ وزارتوں اور محکموں کے ساتھ مل کر کئے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا گیا۔ وزارت خارجہ اور دیگر تمام قومی سٹیک ہولڈرز کے درمیان قریبی ہم آہنگی کی ضرورت پر تبادلہ خیال کیا گیا تاکہ پاکستان کی خارجہ پالیسی کے مقاصد، سلامتی، تجارتی اور اقتصادی اقدامات میں ہم آہنگی کی جامعیت کو یقینی بنایا جا سکے۔
وزیراعظم نے ایک متحرک خارجہ پالیسی اور دیگر ممالک کے ساتھ پاکستان کے تعلقات کو مضبوط بنانے کے لئے اپنے وژن کا اظہار کیا۔ انہوں نے خارجہ پالیسی کے مختلف پہلوؤں پر خاص طور پر پاکستانی تارکین وطن کے ساتھ روابط کو آسان بنانے کے حوالے سے خصوصی ہدایات دیں۔ وزیراعظم نے بیرون ملک پاکستان کے مفادات کے فروغ اور تحفظ میں وزارت خارجہ اور پاکستانی سفارتکاروں کے اہم کردار کو سراہا۔ انہوں نے خارجہ پالیسی کے ترجیحی شعبوں میں فیصلوں پر عملدرآمد کو آسان بنانے کے لئے وزارت خارجہ کے ساتھ مسلسل رابطے کی خواہش کا اظہار کیا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=382148