نیشنل چیلنج فٹبال کپ ،کے آر ایل نے پی او ایف، پاکستان ریلویز نے اشرف شوگر ملز ، پی اے ایف نے ڈبلیو ایس ٹی سی اور ماشا یونائیٹڈ نے کلاش ملز کو شکست دے دی

راولپنڈی۔4فروری (اے پی پی):نیشنل چیلنج فٹبال کپ میں کے آر ایل نے پی او ایف، پاکستان ریلویز نے اشرف شوگر ملز ، پی اے ایف نے ڈبلیو ایس ٹی سی اور ماشا یونائیٹڈ نے کلاش ملز کو شکست دے دی ، پاکستان فٹبال فیڈریشن کے زیر اہتمام نیشنل چیلنج کپ کے سنسنی خیز مقابلے ملک بھر میں جاری ہیں ، گزشتہ روز پی او ایف گراؤنڈ ، راولپنڈی میں کھیلے گئے گروپ ایف کے اہم میچ میں کے آر ایل نے پی او ایف کو 0-2 سے شکست دے کر مسلسل تیسری کامیابی حاصل کر لی ،

فاتح ٹیم کی طرف سے افتخار اور وحید نے ایک، ایک گول کیا، گلزار صادق سٹیڈیم میں کھیلے گئے گروپ سی کے میچ میں پاکستان ریلویز نے اشرف شوگر ملز کے خلاف سخت مقابلے کے بعد 0-1 سے کامیابی حاصل کی ، ریلویز کی طرف سے واحد اور فیصلہ کن گول عصمت خان نے سکور کیا، پی اے ایف گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں پی اے ایف نے ڈبلیو ایس ٹی سی کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 0-4 سے ہرایا ،

پی اے ایف کی طرف سے صمد، منصور، عیسیٰ اور فیصل نے ایک، ایک گول کیا، دہنولا گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں ماشا یونائیٹڈ نے کلاش ملز کو سخت مقابلے کے بعد 0-1 سے شکست دی، ماشا یونائیٹڈ کی طرف سے ندیم نے گول سکور کیا، ایوب سٹیڈیم میں نیمسو اور پی اے سی اے جبکہ پنجاب یونیورسٹی گرائونڈ میں واپڈ اور ایچ ای سی کا میچ برابر رہا ۔