نیوزی لینڈ نے آسٹریلیا کو 6 رنز سے ہرا کر 1-0 کی برتری حاصل کرلی

آکلینڈ ۔30 جنوری (اے پی پی ) نیل بروم اور مارٹن گپٹل کی نصف سنچریوں کی بدولت نیوزی لینڈ نے چیپل ہیڈلی سیریز کے پہلے ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد آسٹریلیا کو 6 رنز سے ہرا کر تین میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کرلی۔ کیویز ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 286 رنز بناکر کینگروز کو میچ میں کامیابی کے لئے 287 رنز کا ہدف دیا۔ کیویز کی طرف سے نیل بروم 73، مارٹن گپٹل 61 اور نیشام 48 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔ آسٹریلیا کی طرف سے مارکوس سٹوئنیز نے تین، کیومنز نے دو جبکہ مچل سٹارک، ہازلیووڈ، فاکنر اور ہیڈ نے ایک ایک کھلاڑی کو آﺅٹ کیا۔ جواب میں 287 رنز ہدف کے تعاقب میں آسٹریلوی ٹیم 47 اوورز میں 280 رنز پر آﺅٹ ہوگئی اور یوں کیویز نے پہلے میچ میں آسٹریلوی ٹیم کو 6 رنز سے ہرا کر سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی۔