ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ فائنل، آسٹریلیا پہلی اننگز میں 469 رنز پر آئوٹ، بھارتی ٹیم پہلی اننگز میں مشکلات کا شکار

ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ فائنل، آسٹریلیا پہلی اننگز میں 469 رنز پر آئوٹ، بھارتی ٹیم پہلی اننگز میں مشکلات کا شکار

اوول۔8جون (اے پی پی):آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ فائنل کے دوسرے روز آسٹریلیا کی ٹیم پہلی اننگز میں469 رنز بنا کر آئوٹ ہوگئی، سٹیون سمتھ اور ٹریوس ہیڈ نے شاندار سنچریاں سکور کیں، بھارت نے پہلی اننگز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 151 رنز بنا لئے، بھارت کو آسٹریلیا کی پہلی اننگز کا سکور برابر کرنے کے لئے مزید 318 رنز درکار ہیں۔ جمعرات کو اوول میں کھیلے جارہے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ فائنل کے دوسرے روز آسٹریلیا نے 327 رنز 3 وکٹوں کے نقصان پر اننگز کا دوبارہ آغاز کیا تو ٹریوس ہیڈ 146 اور سٹیو سمتھ 95 رنز پر وکٹ پر موجود تھے۔ دونوں بیٹرز نے 285 رنز کی پارٹنر شپ قائم کرکے اپنی ٹیم کو مشکلات سے نکالا۔

سمتھ نے اپنے ٹیسٹ کیریئر کی31 ویں سنچری مکمل کی۔ 361 کے مجموعی سکور پر ٹریوس ہیڈ163 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر آئوٹ ہوئے۔ سٹیو سمتھ 121 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔ ان دونوں بیٹرز کے آئوٹ ہونے کے بعد آسٹریلوی ٹیم کی باقی وکٹیں گرنے کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ کیمرون گرین 6، مچل سٹارک 5 جبکہ پیٹ کمنز اور نیتھن لیون 9،9 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔

ایلکس کیری نے ٹیل اینڈرز کے ساتھ مل کر 48 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔ اس طرح آسٹریلوی ٹیم پہلی اننگز میں 469 رنز پر آئوٹ ہوگئی۔ بھارت کی جانب سے محمد سراج نے4 جبکہ محمد شامی اور شاردل ٹھاکر نے دو، دو اور رویندرا جدیجا نے ایک وکٹ لی۔ بھارت نے اپنی دوسری اننگز کا آغاز مایوس کن انداز میں کیا جب اس کے ابتدائی 4 بیٹرز 71 کے مجموعی سکور پر پویلین لوٹ گئے۔ اوپننگ جوڑی کپتان روہت شرما 15اور شبھمان گل13 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔ چوتیشور پجارا اور ویرات کوہلی 14,14 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔

اس کے بعد اجنکیا راہانے نے رویندرا جدیجا کے ساتھ مل کر سکور کو آگے بڑھانے کا سلسلہ شروع کیا تاہم 142 کے مجموعی سکور پر جدیجا 48 رنز کی اچھی اننگز کھیلنے کے بعد آئوٹ ہوگئے۔ دوسرے روز کھیل کے اختتام پر انجکیا راہانے 29 اور سریکار بھارت 5 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔ آسٹریلیا کی طرف سے مچل سٹارک، پیٹ کمنز، سکاٹ بولینڈ، کیمرون گرین اور نیتھن لیون نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ اس طرح بھارت نے دوسرے روز کھیل کے اختتام پر پانچ وکٹوں کے نقصان پر151 رنز بنا لئے ہیں جبکہ بھارت کو آسٹریلیا کی پہلی اننگز کا خسارہ پورا کرنے کے لئے مزید 318 رنز درکار ہیں۔