وزارت مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی نے سعودی عرب میں عازمین حج کے لیے مثالی انتظامات کیے ہیں، سیکرٹری مذہبی امور

Ministry of Religious Affairs said
Ministry of Religious Affairs said

اسلام آباد۔4جون (اے پی پی):سیکرٹری مذہبی امور ڈاکٹر آفتاب اکبر درانی نے کہا کہ وزارت مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی نے سعودی عرب میں عازمین حج کے لیے مثالی انتظامات کیے ہیں، وزارت پاکستانی حجاج کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانے کے لیے سرگرم عمل ہے۔

اتوار کو اے پی پی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستانی زائرین نے میزبان ملک میں اپنے بہترین رویے اور مشکل صورتحال حالات میں صبر وتحمل کا مظاہرہ کیا ۔سیکرٹری مذہبی امور نے حجاج کرام اور ان کے عزیز و اقارب پر زور دیا کہ وہ منفی پروپیگنڈے سے چوکنا رہیں۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر مذہبی امور سینیٹر طلحہ محمود نے بھی کسی سیاسی، مذہبی یا علاقائی تعصب کے بغیر حجاج کرام کی خدمت کرنے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا ہے۔تاہم پاکستانی حکومت کے بہترین اقدامات کے باوجود بعض عناصر جعلی خبریں پھیلانے اورزائرین کے پاکستان میں موجود رشتہ داروں میں پریشانی اور اضطراب پھیلانے میں مصروف ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ تحقیقات سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ اس پروپیگنڈے کا مقصد پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات کو سبوتاژ کرنا اور حکومت کی حج کےلئے اقدامات میں رکاوٹ ڈالنا ہے اور یہاں تک کہ اس کےلئے سوشل میڈیا کا ناجائز فائدہ اٹھایا جا رہا ہے۔

ڈاکٹر آفتاب اکبر درانی نے کہا کہ وزارت پاکستانی حجاج کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانے کے لیے سرگرم عمل ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ حج کے پورے سفر میں معاونین حجاج موجود تھے، صورتحال پر گہری نظر رکھتے ہوئے حاجیوں کو رہنمائی اور مدد فراہم کرتے تھے۔انہوں نے کہاکہ ذاتی فائدے کے لیے سڑک کے کنارے چٹائیاں بچھانے والے افراد کے واقعات کا فوری نوٹس لیا گیا اور سوشل میڈیا پر شیئر کیا گیا تاکہ اس طرح کی غیر اخلاقی حرکت کو بے نقاب کیا جا سکے،یہ افراد نہ صرف انتظامیہ کی کوششوں میں خلل ڈالتے ہیں بلکہ ملک کی بدنامی کا باعث بھی بنتے ہیں ۔سیکرٹری مذہبی امور نے عوام پر زور دیا کہ وہ منفی پروپیگنڈے سے بچیں ۔ انہوں نے مشکلات کے باوجود پاکستانی زائرین کو بہترین سہولیات فراہم کرنے کے لیے وزارت کے غیر متزلزل عزم کی یقین دہانی کرائی۔انہوں نے معاونین حج اور سعودی حکام کی ہدایات پر عمل کرنے کی اہمیت پر بھی زور دیا تاکہ حج کے آسان اور پریشانی سے پاک عمل کو یقینی بنایا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی عازمین کو سعودی عرب میں ملک کے سفیر کے طور پر پہچانا جاتا ہے اور مشکلات کے باوجود ان کے مثالی رویے اور صبر وتحمل نے ملک کے وقار کو بلند کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ وزارت حجاج کی مدد کے لیے انتھک محنت کر رہی ہے ۔ انہوں نے حجاج پر زور دیا کہ وہ دستیاب سہولیات کو ذمہ داری کے ساتھ استعمال کریں اور ساتھی عازمین کے ساتھ دوستانہ تعلقات کو فروغ دیں تاکہ حج کی برکات کو مکمل طور پر قبولیت حاصل ہوسکے۔