وزارت موسمیاتی تبدیلی میں اعلیٰ سطح کا اجلاس ، وفاقی وزیر شیری رحمان کا یو این ای پی کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر کے دورے کا خیرمقدم

اقوام متحدہ کے ادارہ برائے ماحولیات کا لیونگ انڈس انیشی ایٹو کی حمایت اور وزارت ماحولیاتی تبدیلی کے ساتھ شراکت کاعزم

اسلام آباد۔30جنوری (اے پی پی):اقوام متحدہ کے ادارہ برائے ماحولیات(یو این ای پی) نے لیونگ انڈس انیشی ایٹو کی حمایت کرتے ہوئے اس منصوبہ پر وزارت ماحولیاتی تبدیلی کے ساتھ شراکت کا عزم ظاہر کیا ہے ۔ وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان نے اقوام متحدہ کی انڈر سیکرٹری جنرل اور اقوام متحدہ کے ماحولیاتی پروگرام (یو این ای پی) کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر انگر اینڈرسن کا پاکستان میں ان کے پہلے دورہ اسلام آباد میں خیرمقدم کیا۔

پاکستان کے سرکاری دورے کے دوران پیر کو وزارت موسمیاتی تبدیلی میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں وفاقی وزیر شیری رحمان نے یو این ای پی کی دوسری مدت کے لئے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کے طور پر اینڈرسن کی قیادت کو سراہا۔ انگر اینڈرسن کے ہمراہ یو این ای پی ٹیم کے ساتھ ساتھ اقوام متحدہ کے ریزیڈنٹ کوآرڈینیٹر جولین ہارنیس بھی تھے۔ پاکستان کے اپنے پہلے دورے کا آغاز کرتے ہوئے انگراینڈرسن نے یو این ای پی کی جانب سے لیونگ انڈس انیشیٹو کی حمایت کا اعادہ کیا اور یو این ای پی کو اس کا حصہ بننے کی دعوت دینے پر وزیر ماحولیاتی تبدیلی کا شکریہ ادا کیا۔

انگر اینڈرسن نے یہ بھی بتایا کہ یو این ای پی وزیر شیری رحمان کی درخواست پر مستقبل قریب میں پاکستان میں قدم جمانے کے عمل میں ہے۔ یو این ای پی وزارت کے ساتھ مل کر پاکستان کے موافقت اور ریزیلئنس بلڈنگ کے منصوبوں میں مدد کرے گا۔ وفاقی وزیر شیری رحمان نے 2022 میں تباہ کن سیلابوں کے بعد جاری تعاون پر اقوام متحدہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہاں وزارت میں یو این ای پی ہمارے لئے ایک خاص مقام رکھتا ہے کیونکہ اپنے ماحولیات اور بنیادی کام کے ساتھ ہمارے مضبوط روابط ہیں. ہم اسے لیونگ انڈس انیشی ایٹو کے تحت آگے لے جانے کی امید کرتے ہیں جسکے فروع میں وہ ہمارے ساتھ شراکت دار ہیں۔

وفاقی وزیر نے اس امر پر زور دیا کہ لیونگ انڈس انیشی ایٹو موافقت کے لیے پانسہ بدل سکتا ہے جس کی پاکستان کو سخت ضرورت ہے۔ انہوں نےکہا کہ دریائے سندھ پاکستان کی شہ رگ ہے، اور اسے لائف لائن کی اشد ضرورت ہے اور یہ اقدام پاکستان کے لیے موافقت کا محور ہے۔ ہم بحالی کی کشمکش میں ہیں اور پولی کرائسس کا لفظ واضح طور پر پاکستان پر لاگو ہوتا ہے۔ ہمیں اپنی منصوبہ بندی اور ترقی کے خانوں سے باہر سوچنا ہو گا۔ ہم اس میں بند ہو جاتے ہیں اور مواقع کو کھو دیتے ہیں جو اس وقت ہمارے پاس دستیاب ہیں ۔

انہوں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ فوری ضروریات کو پورا کرنے کے لیےٹارگٹڈ پراجیکٹس اور اقدامات کے لیے تیز رفتار فنانسنگ کو اپنا کر آسانی کے ساتھ ڈیزائن کیا جا سکتا ہے۔ وزارت نے یو این ای پی کے وفد کو پاکستان کے نیچرل کیپیٹل اکاؤنٹ اور اس کے آنے والے نیشنل ایڈاپٹیشن پلان پر بھی بریفنگ دی۔ یو این ای پی کے وفد نے عندیہ دیا ک وہ پاکستان میں موافقت بڑھانے کے لیے وزارت موسمیاتی تبدیلی کے ساتھ کام جاری رکھنے کے منتظر ہیں۔

موسمیاتی تبدیلی کی وزارت نے یو این ای پی ٹیم کے ساتھ مل کر تمام وزارتوں میں ایک جامع پروگرام ترتیب دیا ہے۔ انگر اینڈرسن اس ہفتے کے آخر میں سندھ میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں اور کراچی کے آس پاس کے مینگروو علاقوں کا دورہ کرنے والی ہیں۔ وہ جمعہ کو کراچی میں وزیر شیری رحمان اور وزیراعلیٰ سندھ سے ملاقات کریں گی۔