وزیراعظم شہباز شریف سے قطر انویسٹمنٹ اتھارٹی کے سی ای او کی ملاقات،وزیراعظم کی قطری سرمایہ کاروں کو پاکستانی حکومت کی سرمایہ کاری دوست پالیسیوں سے فائدہ اٹھانے کی دعوت

اسلام آباد۔5مارچ (اے پی پی):وزیراعظم شہباز شریف نے قطری سرمایہ کاروں کو پاکستانی حکومت کی سرمایہ کاری دوست پالیسیوں سے فائدہ اٹھانے کی دعوت دیتے ہوئے کہاہے کہ دونوں ممالک اپنے اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنانے اور قطر کے ویژن 2030 کے مطابق مستقبل میں ان کو مزید متنوع بنانے کے لیے مل کر کام کرنے کے لیے پر امید ہیں۔

اتوار کو وزیراعظم آفس کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق قطر انویسٹمنٹ اتھارٹی کے سی ای او منصور ابراہیم المحمود نے دوحہ میں وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ملاقات کی جس میں پاکستان کی معیشت کے متعدد شعبوں میں سرمایہ کاری کی مختلف تجاویز پر پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران پاکستان کے توانائی اور بنیادی ڈھانچے کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع پر روشنی ڈالی گئی ۔ یاد رہے کہ اگست 2022 میں وزیراعظم کے دورہ قطر کے دوران دونوں فریقین کے درمیان تفصیلی بات چیت کا آغاز ہوا تھا۔ قطر انویسٹمنٹ اتھارٹی نے پاکستان میں ایل این جی پاور پلانٹس، ایئرپورٹس اور سولر پاور پارکس میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔ منصور ابراہیم المحمود نے قطر اور پاکستان کے درمیان دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کی اہمیت کے حوالے سے بھی وزیراعظم سے اتفاق کیا اور دوطرفہ اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنانے کی خواہش کا اظہار کیا۔

وزیراعظم نے پاکستان کے ساتھ اقتصادی شعبے میں تعاون بڑھانے میں دلچسپی پر ان کا شکریہ ادا کیا اور قطری سرمایہ کاروں کو پاکستانی حکومت کی سرمایہ کاری دوست پالیسیوں سے فائدہ اٹھانے کی دعوت دی۔ دونوں ممالک اپنے اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنانے اور قطر کے ویژن 2030 کے مطابق مستقبل میں ان کو مزید متنوع بنانے کے لیے مل کر کام کرنے کے لیے پر امید ہیں۔