وزیراعظم عمران خان ان چوروں کو کبھی این آر او نہیں دے گا، معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل کا ٹویٹ

مسلم لیگ (ق) نے عدم اعتماد میں وزیراعظم عمران خان کی حمایت کا اعلان کر دیا ہے، ڈاکٹر شہباز گل

اسلام آباد۔19جنوری (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی روابط ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان ان چوروں کو کبھی این آر او نہیں دے گا، اسی وجہ سے یہ چیخ رہے ہیں، پی ٹی آئی نے الیکشن کمیشن میں ایک ایک اکاؤنٹ کا حساب دیا اور 40 ہزار دستاویزات جمع کرائیں،کوئی پیسہ کسی غیر ملکی سے نہیں لیا۔ منگل کو اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ صرف پاکستانیوں سے فنڈ اکٹھا کیا جس پر ہمیں فخر ہے،جب الیکشن کمیشن نے آپ لوگوں سے حساب پوچھا تو آپ نے جواب دیا ہمارے ہاں ریکارڈ رکھنے کا رواج نہیں تھا،جواب تو اب آپ سے لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پتہ چلا کہ پہلے ملک کو بیدردی سے لوٹنے والوں کا جب سچ کھلنے لگا اور پکڑے گئے تو پاؤں پکڑ کر این آر او لیا، ملک سے فرار ہو گئے اور اس این آر او کی قیمت غریب عوام کی خون پسینے کی کمائی سے ادا کی گئی۔انشاللہ ان چوروں کو عمران خان کبھی این آر او نہیں دے گا اور اسی وجہ سے یہ چیخ رہے ہیں۔