وزیراعظم محمد شہباز شریف سے وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی ملاقات

اسلام آباد۔6دسمبر (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف اور وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نےعوامی فلاح و بہبود اور ترقی کے لیے وفاقی حکومت اور سندھ حکومت کے درمیان رابطوں کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا ہے۔ منگل کو وزیراعظم آفس کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف سے وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ملاقات کی۔

ملاقات میں ملک کی سیاسی و مجموعی صورت حال پر بات چیت کی گئی۔ ملاقات میں صوبہ سندھ کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بحالی کے کاموں کے حوالے سے تبادلہ خیال کیاگیا۔ ملاقات کے دوران عوامی فلاح و بہبود اور ترقی کے لیے وفاقی حکومت اور سندھ حکومت کے درمیان رابطوں کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیاگیا۔