وزیراعظم نے راول چوک فلائی اوور کا افتتاح کردیا ، ہم دن رات محنت کرکے پاکستان کی تقدیر بدلیں گے، شہباز شریف

اسلام آباد۔14اگست (اے پی پی):وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہےکہ ہم دن رات محنت کرکے پاکستان کی تقدیر بدلیں گے،بہارہ کہو بائی پاس کا منصوبہ دن رات ایک کرکے چار ماہ میں مکمل کیا جائے،اسلام آباد انٹرسٹی بسوں کا منصوبہ ایک ماہ میں مکمل کیا جائے،ہم نے محنت سے پاکستان کا کھویا ہوا مقام دوبارہ حاصل کرنا ہے۔

اتوار کووزیراعظم محمد شہباز شریف نے 75 ویں یوم آزادی کے موقع پرراول چوک فلائی اوور اسلام آباد کا افتتاح کیا۔وزیر اعظم کے ہمراہ وزیر اطلاعات ونشریات مریم اورنگ زیب،سابق اراکین اسمبلی حنیف عباسی،ڈاکٹر طارق فضل چوہدری،ملک ابرار،رکن اسمبلی طاہرہ اورنگ زیب،زہرہ ودود فاطمی،طارق فاطمی،دانیال چوہدری، سی ڈی اے،ایف ڈبلیو او اور دیگر محکموں کے اعلی حکام بھی موجود تھے۔ منصوبے سے راولپنڈی،اسلام آباد کے شہری مستفید ہوں گے اور ٹریفک کے بھائو میں آسانی ہوگی۔

چئیرمین سی ڈی اے عامر احمد علی کی جانب سے بریفنگ دیتے ہوئےوزیر اعظم کو بتایا گیا کہ اورنج لائن بسوں کی تعداد آغاز میں 15 تھی جو اب بڑھ کر 35 ہوگئی ہے۔وزیر اعظم کی ہدایت پر میٹرو بسوں کی تعداد میں 20 بسوں کا اضافہ کیا ہے۔اب تین مزید بس سروس کا بھی آغاز کیا جارہا ہے، ان میں ایک سروس ترامڑی سے آبپارہ براستہ پارک روڈ، واہ کینٹ سے این5 اور کھنہ سے نیلور شامل ہیں۔

راول روڈ فلائی اوورکو مکمل کرلیا ہے،دورویہ انڈر پاس کو 20 سے 25 دنوں میں مکمل کریں گے۔سی ڈی اے رہائشی منصوبوں پر بھی تیزی سے عمل پیرا ہے،بھارہ کہو بائی پاس کی تعمیر کا ستمبر کے پہلے ہفتہ ایف ڈبلیو او آغاز کردے گا۔

اس موقع پر شرکاء سے خطاب کرتے ہوئےوزیر اعظم شبہاز شریف نےکہا کہ یوم آزادی کے موقع پر یہاں موجودسب شرکاء کو یوم آزادی کی مبارک ہو، ہمارے برزگوں نے قائد اعظم کی عظیم قیادت میں لاکھوں جانوں کا نذرانہ پیش کرکے خدادادمملکت پاکستان حاصل کیا،آج اس کی 75 ویں سالگرہ ہے اور پوری قوم یہ دن بڑے اہتمام اورجوش وخروش سے منارہی ہے۔بارش کے باوجود اتنی بڑی تعداد میں آپ کی یہاں موجودگی اس بات کا ثبوت ہے کہ آج کے دن پاکستان کا یوم آزادی مناتے ہوئے اس دن کو گواہ بناکر عہد کریں کہ جس طرح قائداعظم اور لاکھوں مسلمانوں نے تحریک چلائی اسی طرح ہم آج کمر بستہ ہوکر پاکستان کی تقدیر بدلیں گے اور پاکستان کواس کا کھویا ہوا مقام واپس دلائیں گے۔

وزیر اعظم نے کہاکہ راول چوک فلائی اوور کا منصوبہ کئی سال سے سست روی کا شکار تھا اس میں تیزی لائی گئی اور آج یہ تکمیل کے مراحل میں ہے جو خوش آئند بات ہے،کاش ہم ملک بھر میں منصوبوں کی اسی تیزی سے تکمیل کریں۔انہوں نے کہاکہ ہم دن رات محنت کریں،مل کر اس ملک کی تقدیر بدلیں ۔ میں عامر علی اور انکی ٹیم ،ایف ڈبلیو او کی ٹیم کو مبارکباد ۔ دیتا ہوں۔

انہوں نے کہاکہ وہ تمام زعماء کو مبارکباد پیش کرتے ہیں اور ان کا شکریہ اداکرتے ہیں کہ دن رات محنت کرکے اس منصوبے کی تکمیل میں نمایاں کردار ادا کیا ۔انہوں نے کہا کہ کاش نئی بسیں پہلے منگوالی ہوتیں تو آج یہ معاملات اتنی گھمبیر نہ ہوتے،تاہم یہ تاخیر زیادہ نہیں آپ نے اچھا کام کیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں انٹرسٹی بسیں چلانے کاکام ایک ماہ میں مکمل کریں،راول چوک انڈر پاس کی تکمیل جلد کریں۔انہوں نے کہا کہ بھارہ کہو بائی پاس کی تکمیل کے بارے میں مجھے تفصیلی بریفنگ دیں،اگر 24 گھنٹے کام کرکے اس منصوبے کو چار ماہ میں مکمل کریں جو کہ ممکن ہے تو اس پر چئیرمین سی ڈی اے کو تمغہ امتیازدیں گے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے بڑے بڑے منصوبے پورے ملک میں کم سے کم مدت میں مکمل کئے ہیں اور مزید بنائیں گے۔