وزیراعظم نے کیوریٹیو ریویو ریفرنس واپس لینے کا حکم دیدیا

وزیراعظم نے کیوریٹیو ریویو ریفرنس واپس لینے کا حکم دیدیا

اسلام آباد۔30مارچ (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سپریم کورٹ کے سینئر ترین جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف ریفرنس کو سابق وزیراعظم کی انتقامی کارروائی ، عدلیہ کی آزادی پر شب خون اور اسے تقسیم کرنے کی مذموم سازش قرا ردیتے ہوئے کیوریٹیو ریویو ریفرنس واپس لینے کا حکم دیا ہے۔ جمعرات کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ کیوریٹیو ریویو ریفرنس کمزور اور بے بنیاد وجوہات پر دائر ہوا تھا، اس لئے حکومت نے اس کی پیروی نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

وزیراعظم کی زیر صدارت کابینہ پہلے ہی اس فیصلے کی منظوری دے چکی ہے ۔ بیان کے مطابق وزیراعظم نے وزیر قانون سینیٹر اعظم نذیر تارڑ کو جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف کیوریٹیو ریویو ریفرنس واپس لینے کی ہدایت کر دی ہے۔ وزیراعظم محمد شہبازشریف نے کہا کہ ریفرنس کے نام پر جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اور ان کے اہل خانہ کو ہراساں اور بدنام کیاگیا۔

یہ ریفرنس نہیں تھا، آئین اور قانون کی راہ پر چلنے والے ایک منصف مزاج جج کے خلاف ایک منتقم مزاج شخص عمران نیازی کی انتقامی کارروائی اور عدلیہ کی آزادی پر شب خون اور اسے تقسیم کرنے کی مذموم سازش تھی۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) اور اتحادی جماعتوں نے اپوزیشن کے دور میں بھی اس جھوٹے ریفرنس کی مذمت کی تھی ۔

عمران نیازی نے صدر کے آئینی منصب کا اس مجرمانہ فعل کے لئے ناجائز استعمال کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ صدرڈاکٹر عارف علوی عدلیہ پر حملے کے جرم میں آلہ کار اور ایک جھوٹ کے حصہ دار بنے۔ پاکستان بار کونسل سمیت وکلا تنظیموں نے بھی اس کی مخالفت کی تھی، ان کی رائے کی قدر کرتے ہیں ۔