وزیرِ اعظم شہباز شریف سے صدر آصف علی زرداری کی ملاقات

لاہور۔21مئی (اے پی پی):وزیرِ اعظم شہباز شریف سے صدر پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینزو سابق صدر آصف علی زرداری نے ہفتہ کو لاہور میں ملاقات کی اور موجودہ ملکی صورتحال پر تفصیلی گفتگو اور مشاورت کی۔ ملاقات میں باہمی تعاون سے ملک کی معیشت کو درپیش مسائل سے نکالنے کیلئے اقدامات اٹھانے پر اتفاق کیا گیا۔

وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں سینئر حکومتی وزراء، پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما اور پاکستان پیپلز پارٹی کے قائدین بھی موجود تھے۔ ملاقات میں وزیراعظم پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا گیا اور موجودہ حکومت کے عوامی فلاح و بہبود کیلئے اٹھائے گئے اقدامات پر خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ وزیراعظم شہباز شریف اور آصف علی زرداری نے باہمی تعاون سے ملک کی معیشت کو درپیش مسائل سے نکالنے کیلئے اقدامات اٹھانے پر بھی اتفاق کیا۔