وزیر اطلاعات و تعلقات عامہ خیبرپختونخوا شفیع جان نے سینٹرل جیل پشاور کا دورہ کیااور مختلف بیرکوں،سیکشنز ،منشیات بحالی مرکز،لائبریری،پریزن انڈسٹری ،قیدیوں کی اصلاحی و فنی سرگرمیوں کا جائزہ لیا
وزیر اطلاعات و تعلقات عامہ خیبرپختونخوا کا سینٹرل جیل پشاور کا دورہ،،قیدیوں کی اصلاحی و فنی سرگرمیوں کا جائزہ لیا

مزید خبریں
پشاور۔ 09 جون (اے پی پی):وزیر اطلاعات و تعلقات عامہ خیبرپختونخوا شفیع جان نے سینٹرل جیل پشاور کا دورہ کیااور مختلف بیرکوں،سیکشنز ،منشیات بحالی مرکز،لائبریری،پریزن انڈسٹری ،قیدیوں کی اصلاحی و فنی سرگرمیوں کا جائزہ لیا ۔ تر جمان محکمہ اطلاعات خیبرپختونخوا کے مطابق وزیر اطلاعات کو جیل انتظامیہ کی جانب سے بریفنگ دی گئی ۔ اس موقع پر صوبائی وزیر قیدیوں سے ملے اور ان کے مسائل دریافت کئے۔انہوں نے جیل میں آرٹ و تخلیقی سرگرمیوں،آئی ٹی و انگلش کورس کلاسز اور مریضوں کے وارڈ کا بھی معائنہ کیا اور قیدیوں کو فراہم کھانے کے معیار، مینیو اور علاج و بحالی کی سہولیات کا جائزہ لیا۔اس موقع پر وزیر اطلاعات و تعلقات عامہ خیبرپختونخوا نے کہا کہ قیدیوں کومعاشرے کے مفید شہری بنانے اور ان کی اصلاح کے لیے کوئی کسر نہ چھوڑی جائے۔
انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت جیلوں کو صرف قید خانے نہیں بلکہ اصلاح، تربیت اور بحالی کے مراکز میں تبدیل کر رہی ہیں، جیل اصلاحات کے تحت قیدیوں کو تعلیم، ہنرسمیت دیگرسہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔انہوں نے کہا کہ سینٹرل جیل پشاور میں قائم جیل انڈسٹری اور فنی مراکز قیدیوں کی خود انحصاری میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جیلوں میں مزید اصلاحی نظام متعارف کروا رہے ہیں تاکہ رہائی کے بعد قیدی معاشرے میں باعزت زندگی گزار سکیں۔انہوں نے جیل عملے کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرانے کی یقین دہانی کرائی۔اس موقع پر ڈی آئی جی جیل خانہ جات بیت اللہ خان، جیل سپرنٹنڈنٹ وسیم خان اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔







