وزیر اعلی خیبر پختونخوا کا بارشوں کی وجہ سے مختلف حادثات میں سات انسانی جانوں کے ضیاع پر رنج و غم کا اظہار

محنت کش طبقے کی عزت وقار اور حقوق کا تحفظ کئے بغیرترقی اور خوشحالی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا ، عالمی یوم مزدور پر وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کا پیغام

پشاور۔23جنوری (اے پی پی):وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے صوبے کے مختلف اضلاع میں بارشوں اور برفباری کی وجہ سے مکانات کی چھتیں گرنے سمیت مختلف حادثات میں سات قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین سے تعزیت کی ہے اور ان حادثات میں مال و املاک کو پہنچنے والے نقصانات پر بھی افسوس اظہار کیا ہے۔

اتوار کو اپنے بیان میں وزیر اعلی نے جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے مرحومین کی مغفرت اور پسماندگان کے لئے صبر جمیل کی دعا کی ہے اور ان واقعات میں زخمی ہونے والوں کی جلد صحت یابی کے لئے بھی نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

وزیر اعلی نے کہا کہ صوبائی حکومت مشکل کی اس گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہے، انہیں تنہا نہیں چھوڑا جائے گا اور ان کی ہر ممکن مدد کی جائے گی۔ وزیر اعلی نے متعلقہ اضلاع کی انتظامیہ کو متاثرین کو ہر ممکن ریلیف کی فراہمی کے لئے ضروری کارروائی عمل میں لانے جبکہ ان واقعات میں زخمی ہونے والے افراد کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کو بھی یقینی بنانے کے احکامات جاری کئے ہیں۔

انہوں نے بارشوں اور برفباری سے متاثرہ اضلاع کی انتظامیہ کو لینڈ سلائیڈنگ اور برفباری کی وجہ سے آمدورفت کے لئے بند سڑکوں کو کھولنے کے لئے بروقت اقدامات اٹھانے اور اس مقصد کے لئے تمام تر دستیاب وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کی ہے۔