وطن عزیز کا 75 واں ڈائمنڈ جوبلی یوم آزادی شایان شان طریقے سے اتوار کو منایا جا ئے گا

وطن عزیز کا 75 واں ڈائمنڈ جوبلی یوم آزادی شایان شان طریقے سے اتوار کو منایا جا ئے گا

فیصل آباد۔13اگست (اے پی پی):وطن عزیز کا 75 واں یوم آزادی اتوار کو قومی جذبے اور پرجوش انداز میں شایان شان طریقے سے منایا جا ئے گا، اس موقع پرصبح8:58 بجے سائرن بجائے جائیں گے،ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی جائے گی جس کے بعد پرچم کشائی اور قومی ترانہ ہوگا۔

فیصل آباد میں جشن آزادی پاکستان کی مرکزی تقریب صبح8 بجے کمشنرکمپلیکس فیصل آباد میں ہوگی جس میں صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات پنجاب چوہدری علی افضل ساہی، صوبائی وزیر مائنز اینڈ منرلزچوہدری لطیف نذر،دیگر ممبران قومی و صوبائی اسمبلی، کمشنر فیصل آبادزاہد حسین، ریجنل پولیس آفیسر معین مسعود، ڈپٹی کمشنر عمران حامد شیخ، سٹی پولیس آفیسرعمر سعید ملک، ایس ایس پی آپریشنزمحمد افضل، چیف ٹریفک آفیسر میاں محمد اکمل،ڈویژنل وضلعی انتظامیہ،پولیس اوردیگر مختلف محکموں کے افسران،

تحریک پاکستان کے کارکنان اورسول سوسائٹی کے مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے شہری بڑی تعداد میں شرکت کریں گے۔اتوار کی صبح مساجد میں نماز فجر کے بعد قرآن خوانی اور ملک قوم کی ترقی وخوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں ہوں گی ۔صبح 8:58بجے سائرن بجائے جانے پر ہر قسم کی ٹریفک سمیت جو شخص جہاں ہو گا فوری طور پروہیں رک جائے گا جبکہ اس موقع پر ایک منٹ کی مکمل خاموشی اختیار کی جائے گی جس کا مقصد تحریک پاکستان سے تکمیل پاکستان تک کی جدو جہد میں جام شہادت نوش پانے والے غیوربزرگوں،

بھائیوں سمیت غازیوں اور جوانوں کو خراج عقیدت و تحسین پیش کرنا ہے۔اس موقع پرسبز ہلالی پرچم لہرانے کی تقریبات ہونگی جبکہ اہم حکومتی شخصیات شہداکی یادگاروں پر حاضری دیں گی،پھولوں کی چادریں چڑھائیں گی اور فاتحہ خوانی کریں گی۔ پولیس،سول ڈیفنس اور ریسکیو1122کے دستے مارچ پاسٹ اور سلامی پیش کریں گے ، فضامیں غبارے اور کبوتر چھوڑے جائیں گے۔

فیصل آباد سمیت تمام شہروں میں سرکاری عمارتوں پر سبز ہلالی پرچم لہرائے جائیں گے۔یوم آزادی کی75 سالہ ڈائمنڈ جوبلی تقریبات کو شایان شان انداز میں منانے کیلئے تمام سرکاری و نیم سرکاری عمارات کو برقی قمقموں، سبز ہلال پرچموں، رنگ برنگی جھنڈیوں، جھنڈوں، تحریک پاکستان کے ہیروزکے قدآدم پورٹریٹس، فلیکس سائنز سے خوبصورتی سے سجا یا گیا ہے۔ پوری قوم بیک زبان ہوکر اس عزم کا اعادہ کرےگی کہ جس طرح 1947 میں پوری قوم کو ایک ملک کی ضرورت تھی اسی طرح اب ملک کو ایک قوم کی ضرورت ہے جو اپنے وطن عزیز کو جنت نظیر خطہ بنانے کیلئے کسی بھی قسم کے امتیاز، رنگ و نسل، عہدے و مرتبے، بڑے چھوٹے، امیر غریب کی تفریق اور سیاسی، سماجی، مذہبی،لسانی و فروعی اختلافات سے بالا تر ہو کر پوری ملت کے شانہ بشانہ کھڑی ہو کر یہ ثابت کر دے کہ ان کے دکھ سکھ سانجھے اور وہ کسی بھی قدرتی آفت، آزمائش یامشکل کی گھڑی میں ثابت قدم رہیں گے۔ ڈائمنڈ جوبلی کے موقع پرپاکستان مسلم لیگ، نظریہ پاکستان فاؤنڈیشن،

تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ، پاکستان لورز فیڈریشن اور دیگر تنظیموں کے زیر اہتمام سیمینارز، کانفرنسز ودیگر خصوصی تقریبات کابھی اہتمام کیا جائے گا۔یوم آزادی کے موقع پر مختلف تقریبات کے دوران قومی ترانے و ملی نغموں اورقرات و نعت خوانی کا بھی اہتمام کیا جائیگا۔ڈائمنڈ جوبلی پر پنجاب پولیس، محکمہ جیل خانہ جات، سول ڈیفنس، قومی رضاکاران اور ریسکیو 1122کے دستے مارچ پاسٹ کریں گے اور طلبا و طالبات کےدرمیان تقریری مقابلوں کابھی اہتمام کیا جائیگا ،نیز جیلوں اور ہسپتالوں میں خصوصی پروگرام کا بھی انعقاد ہو گا۔

یوم آزادی کے موقع پر پی ایچ اے کی جانب سے پھولوں کی نمائش بھی کی جائیگی۔ یوم آزادی پاکستان پرہر قسم کی ٹرانسپورٹ، ویگنوں، بسوں، رکشوں، تانگوں پر لہراتے سبز ہلالی پرچموں نے عجیب سماں پیدا کر دیا ہے جبکہ رات کوفیصل آباد سمیت تمام شہروں میں چراغاں بھی کیا جائیگاجس کیلئے تمام انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔علاوہ ازیں ہسپتالوں، جیلوں، فاؤنٹین ہاؤس،

سینئر سٹیزن ویلفیئر ہوم، ایس او ایس ویلیج، چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو، دارالامان،کارخانوں میں مٹھائیاں، پھل اور خصوصی کھانے بھی تقسیم کئے جائیں گے۔ فیصل آباد ڈویژن کے چاروں اضلاع فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ سمیت صوبہ بھر میں سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں جبکہ ۱ٓئی جی پولیس پنجاب فیصل شاہکار کی جانب سے سی سی پی او، ریجنل پولیس آفیسرز،سٹی پولیس آفیسرز اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسرزکو ہدایت کی گئی ہے کے یوم آزادی کی تقریبات کے موقع پر امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کیلئے تمام ممکن اقدامات کئے جائیں۔

فیصل آباد ریجنل پولیس کے ترجمان نے بتایا کہ ۱ٓج یوم آزادی کی تقریبات کے موقع پر پولیس کے باوردی اور سادہ کپڑوں میں ملبوث اہلکاروں کی بڑی تعداداہم مقامات پر تعینات ہو گی نیز اس موقع پر منعقد ہونے والے جلسے جلوسو ں، کانفرنسز، پرچم کشائی کی تقریبات کے مقامات کے قرب و جوار میں ہر قسم کی گاڑیوں کی پارکنگ پر سختی سے پابندی عائدہو گی اور مختلف پروگرامز میں آنے جانے والوں کی میٹل ڈیٹیکٹرز اور واک تھرو گیٹس کے ذریعے تلاشی بھی لی جائے گی تاکہ کسی ناخوشگوار واقعہ کا احتمال نہ رہے،علاوہ ازیں حکومت نے فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی سمیت تمام پاور ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کو ۱ٓج یوم۱ٓزادی پاکستان کی ڈائمنڈ جوبلی تقریبات کے موقع پر بجلی بند نہ کرنے کی ہدایت کی ہے اور فیسکو، لیسکو، میپکو، گیپکو، حیسکو سمیت الیکٹرک سپلائی کمپنیوں کے چیف ایگزیکٹو حضرات سے کہا ہے کہیوم آزادی پاکستان کے متبرک و مقدس موقع پر دن کے اوقات میں بالعموم جبکہ رات کے اوقات میں با لخصوص کسی قسم کی لوڈ شیڈنگ سے گریز کیا جائے تاکہ اہلیان پاکستان اپنی یوم ۱ٓزادی کی تقریبات سادہ مگر پروقار طریقے سے مناسکیں۔

واپڈا پاور ڈویژن کے ترجمان نے بتایا کہ مذکورہ چیف ایگزیکٹوز سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنے ماتحت عملہ پر واضح کریں کہ کسی مقام پر اچانک فنی خرابی کے علاوہ کسی قسم کی لوڈ شیڈنگ نہیں ہونی چا ہیے نیز اس صورت میں بھی تمام لائن سٹاف کو الرٹ رکھا جائے اور کسی فنی خرابی کی صورت میں اس کی فوری درستگی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی جگہ پر بلاوجہ بجلی بند کی گئی تو وہاں کے ذمہ دار ایس ڈی اوز اور ایکسینزسے اس کی باز پرس ہوگی اور بعد ازاں کوئی عذر قابل قبول نہ ہوگا۔ انہوں نے رات کے اوقات میں چراغاں کے موقع پر بھی بجلی کی بلا تعطل سپلائی جاری رکھنے کی ہدایت کی ہے۔