وفاقی وزیرخزانہ ومحصولات ڈاکٹر مفتاح اسماعیل سے کینیڈا کی ہائی کمشنروینڈی گلمور کی ملاقات

حکومت’’ میرا گھر سکیم‘‘ کو نئی شکل دے رہی ہے،جس میں کسی کا کوئی مالی نقصان نہیں ہوگا، وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل

اسلام آباد۔7جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیرخزانہ ومحصولات ڈاکٹر مفتاح اسماعیل نے کہاہے کہ کینیڈا پاکستان کااہم ترقیاتی شراکت دار ملک ہے اورکینیڈاکے سرمایہ کاروں کوملک میں سرمایہ کاری پر مکمل معاونت فراہم کی جائیگی۔

انہوں نے یہ بات جمعرات کویہاں پاکستان میں کینیڈا کی ہائی کمشنروینڈی گلمور سے ملاقات میں گفتگوکرتے ہوئے کہی۔ کینیڈین ہائی کمشنر کا پرتپاک استقبال کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے پاکستان اور کینیڈا کے درمیان دیرینہ اور کثیر جہتی تعلقات کو اجاگر کیا۔

انہوں نے کہا کہ کینیڈا میں پاکستانیوں کی بڑی تعداد آباد ہے اور عوام سے عوام کے رابطے دوطرفہ تعلقات میں اہم کردار ادا کررہے ہیں۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ کینیڈا پاکستان کے بڑے ترقیاتی شراکت داروں میں سے ایک ہے ،دونوں ممالک کے درمیان تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔ وزیر خزانہ نے کینیڈین ہائی کمشنر کو حالیہ معاشی پیش رفت اور موجودہ حکومت کی پالیسیوں سے آگاہ کیا۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ محصولات کی وصولی اور برآمدات اور، ترسیلات زر میں اضافہ اور توانائی کے شعبے کو پائیدار بنانا موجودہ حکومت کی اولین ترجیحات ہیں۔ کینیڈین ہائی کمشنر نے وزیر خزانہ کا شکریہ ادا کیا اور بتایا کہ کینیڈین بزنس کمیونٹی پاکستان میں توانائی اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع امکانات کاجائزہ لے رہی ہے ۔ انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ حکومت کی پالیسیاں اور تعاون کینیڈین سرمایہ کاروں کو اپنے کاروبار کو پاکستان لانے کے لیے راغب کریں گے۔ وزیر خزانہ نے پاکستان میں سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لیے کینیڈین ہائی کمشنر کا شکریہ ادا کیا اور انہیں اس ضمن میں اپنی حمایت کا یقین دلایا۔