وفاقی وزیرچوہدری محمد برجیس طاہر سے گورنر گلگت بلتستان میر غضنفر علی خان کی ملاقات

اسلام آباد ۔ 11 جنوری (اے پی پی) وفاقی وزیربرائے اُمور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہر نے کہا ہے کہ بے پناہ وسائل اور معدنیات کی سرزمین گلگت بلتستان عنقریب پاکستان کا معاشی حب بننے جا رہا ہے۔ انہوں نے یہ بات بدھ کو گورنر گلگت بلتستان میر غضنفر علی خان سے ملاقات کے دوران کہی جنہوں نے اسلام آباد میں وفاقی وزیر سے ملاقات کی۔ ملاقات میں گلگت بلتستان کی مجموعی سیاسی صورتحال کے علاوہ گلگت بلتستان میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر بھی غور کیا گیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیر اعظم محمد نواز شریف گلگت بلتستان کی تعمیر و ترقی میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ انہوں نے گلگت بلتستان میں کئی بڑے منصوبوں کی منظوری دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام کی سہولت کے لیے جگلوٹ سکردو روڈ پر کام کا آغا ز ہو چکا ہے اور اربوں روپے کے اس منصوبے سے گلگت بلتستان میں خوشحالی کے ایک نئے سفر کا آغاز ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ابھی حال ہی میں وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے 14 میگا واٹ نلتر پاور پروجیکٹ کا افتتاح کیا ہے جس سے گلگت بلتستان میں توانائی کی ضروریات کو پورا کرنے میں بے پناہ مدد ملے گی۔