اسلام آباد۔18فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ترقی اور خصوصی اقدامات اسد عمر نے وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر راجہ فاروق حیدر سے جمعرات کو یہاں ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور خصوصاً آزاد کشمیر میں کورونا کی موجودہ صورتحال اور پی ایس ڈی پی کے تحت جاری منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔
ملاقات میں وزیرِ اعظم آزاد کشمیر نے وفاقی وزیر اسد عمر کو بتایا کہ کورونا کی صورتحال پہلے کی نسبت بہت بہتر ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی ، صوبائی اور علاقائی حکومتوں کی باہم مربوط پالیسوں کی بدولت آزاد کشمیر بھی دوسرے علاقوں کی طرح بہت حد تک کورونا وبا کی تباہی سے محفوظ رہا ۔
اسد عمر نے وزیرِ اعظم آزاد کشمیر کو یقین دہانی کرائی کہ کشمیری بھائیوں کے مسائل کے لئے تعاون جاری رہے گا اور ان کے حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جائے گا ۔ اور پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ایس ڈی پی) کے تحت جاری منصوبوں پر کام کی رفتار میں مزید تیزی لائی جائے گی ۔