وفاقی وزیر انجینئر خرم دستگیر نے حیسکو فیلڈ اسٹاف کے لیے جدید سہولیات سے آراستہ15 انسولیٹڈ بکٹ مائونٹیڈ کرین کی چابیاں حوالے کر دیں

حیدرآباد۔26مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے توانائی انجینئر خرم دستگیر خان نے اپنے دورہ حیدرآباد کے دوران حیسکو پاور ونگ کالونی میں حیسکو کے فیلڈ اسٹاف کی سہولت کے لیے جدید سہولیات سے میزین 15 انسولیٹڈ بکٹ مائونٹیڈ کرین کی چابیاں دینے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ پچھلے سال ستمبر میں ہم نے وعدہ کیا تھا کہ حیسکو کے فیلڈ اسٹاف کو جدید گاڑیاں دینگے تو یہ ہمارا وعدہ پورا ہوا، حیسکو بورڈ آف ڈائریکٹرکی منظوری کے بعد حیسکو انتظامیہ نے 15عدد گاڑیاں 23کروڑ25لاکھ روپے کی لاگت سے خریدی ہیں جس کے لئے میں حیسکو بورڈاورچیف ایگزیکٹو آفیسر مظفر علی عباسی کو مبارکباد دیتا ہوں اور تمام محنت کشوں کو بھی مبارکباد دیتا ہوں ۔

اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرجمیل گل شیخ نے وفاقی وزیر کا اس تقریب میں آنے کے لئے شکریہ ادا کیا، حیسکو چیف مظفر علی عباسی نے وفاقی وزیر اور تمام مہمانان ِ گرامی جس میں چیمبر،سی بی اے اور دیگر ملازمین کو خوش آمدید کیا۔

عبدالطیف نظامانی نے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر خرم دستگیر اور حیسکو بی او ڈی، مینجمنٹ کا شکریہ ادا کیا کہ محنت کشوں کو فیلڈ میں کام کرنے کے لئے جدید سہولیات سے میسر گاڑیاں دی گئی ہیں جس سے فیلڈ میں سیفٹی کے تحت جلدی بہتر کام کرنے میں مدد ملے گی ۔