وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار سے چینی سفیر نونگ رونگ کی ملاقات

اسلام آباد۔6دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر خزانہ و ریونیو سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے چین کے سفیر نونگ رونگ نے منگل کو فنانس ڈویژن میں ملاقات کی۔ وزیر خزانہ نے چینی سفیر کا خیرمقدم کیا اور دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ اور گہرے تعلقات پر روشنی ڈالی۔ ملاقات میں اقتصادی اور مالیاتی شعبوں میں تعلقات کو مزید فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وفاقی وزیر خزانہ نے چین کے سابق صدر جیانگ زیمن کے انتقال پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ چین اور پاکستان کے لیے بہت بڑا نقصان ہے کیونکہ زیمن پاکستان کے عظیم دوست تھے۔ وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے موجودہ حکومت کی جانب سے جاری تعمیر نو اور بحالی کے پروگرام پر روشنی ڈالی۔ وزیر خزانہ نے مشکل کی اس گھڑی میں چینی حکومت کی حمایت کو سراہتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت معاشرے کے کمزور طبقے کے تحفظ کے لئے مختلف اقدامات کر رہی ہے۔

یہ بھی بتایا گیا کہ حکومت پاکستان سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں تعمیر نو اور بحالی کے پروگرام کے حوالے سے آنے والے اخراجات سے نمٹنے کے لئے حقیقت پسندانہ منصوبہ بندی کر رہی ہے۔ وزیر خزانہ نے چینی سفیر کو مزید بتایا کہ حکومت تمام بیرونی قرضوں کی بروقت ادائیگیوں کو پورا کرتے ہوئے آئی ایم ایف پروگرام کو مکمل کرنے کے لئے پرعزم ہے۔ چینی سفیر نے حکومت کی جانب سے مالیاتی استحکام کو برقرار رکھنے اور بڑھانے کے لئے کئے جانے والے پالیسی اقدامات کو سراہا۔

انہوں نے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور چینی حکومت کی جانب سے پاکستان کی مسلسل حمایت کا یقین دلایا اور کہا کہ چین کی حکومت پاکستانی عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور ہر ممکن مدد فراہم کرنے کو تیار ہے۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے مسلسل حمایت اور مدد پر چینی سفیر کا شکریہ ادا کیا۔