وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کا وزارت داخلہ میں قائم کنٹرول روم کا دورہ

اسلام آباد۔8مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے منگل کو وزارت داخلہ میں قائم کنٹرول روم کا دورہ کیا جہاں انہیں جڑواں شہروں میں امن وامان کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔وزارت داخلہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ہونے والے مختلف مظاہروں اور جلوسوں کی کنٹرول روم سے مانیٹرنگ کی جارہی ہے۔

سیکرٹری داخلہ یوسف نسیم کھوکھر، جی ڈی ایف آئی اے ثناء اللہ عباسی، ایڈیشنل سیکرٹری سکیورٹی ایوب چوہدری اور اورآئی جی اسلام آباد احسن یونس بھی دورہ کے دوران وزیر داخلہ کے ہمراہ تھے۔ اس دوران وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے خواتین کے عالمی دن کے حوالے سے جاری مظاہروں کو بھی کنٹرول روم سے مانیٹر کیا۔

وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کو پیپلزپارٹی کے لانگ مارچ کی اسلام آباد آمد سے متعلق بھی بریف کیا گیا۔ وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے امن وامان کے حوالے سے انتظامات پر اپنے اطمینان کااظہار کیا۔