وفاقی وزیر شازیہ مری نے نارووال میں بینظیر نشوونما سنٹر کا افتتاح کردیا

شازیہ مری
حکومت نے سماجی بہبود کے لئے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے بجٹ میں اضافہ کیا ، شازیہ مری

لاہور۔19مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیروچیئرپرسن بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام شازیہ مری نے نارووال میں بینظیر نشوونما سنٹر کا افتتاح کر دیا۔ انہوں نے اتوار کے روز وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال کے ہمراہ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال نارووال میں بینظیر نشوونما سنٹر کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر ورلڈ فوڈ پروگرام کی نمائندہ ڈاکٹر عمارہ خان نے دونوں وزرا کو بریفنگ دی۔ وفاقی وزیر شازیہ مری نے پروگرام کو انتہائی اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ بچوں میں خوراک کی کمی اس کی ذہنی اور جسمانی نشوونما پر گہرے اثرات مرتب کرتی ہے۔

بے نظیر نشوونما پروگرام کے بارے میں بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ اس پروگرام کے تحت بے نظیر کفالت پروگرام سے مستفید ہونے والی حاملہ اور دودھ پلانے والی خواتین کو خصوصی خوراک اور سہ ماہی مالی وظیفہ بھی دیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بچے کی ماں کے لیے وظیفہ 2000 اور لڑکی کی ماں کے لیے 2500 روپے مقرر ہے۔ شازیہ مری نے مزید کہا کہ اس مقصد کے لیے ملک بھر میں 400 سے زائد منفرد نشونما مراکز قائم کیے گئے ہیں۔اس موقع پر مقامی سماجی و سیاسی رہنمائوں ، خواتین سمیت دیگر افراد کثیر تعداد میں موجود تھے۔