وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال کا نارووال سپورٹس سٹی منصوبے پر عملدرآمد میں تاخیر پر برہمی کا اظہار

اسلام آباد۔21نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر منصوبہ بندی ، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے نارووال سپورٹس سٹی منصوبے پر تاخیر پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے وزارت بین الصوبائی رابطہ (آئی پی سی) اور پاکستان اسپورٹس بورڈ (پی ایس بی) کو ہدایت کی ہے کہ وہ نارووال اسپورٹس سٹی کا پی سی ون 30 نومبر کو وزارت منصوبہ بندی میں جمع کرائیں۔

وفاقی وزیر نے یہ ہدایات نارووال سپورٹس سٹی منصوبے کی پیشرفت کا جائزہ لیتے ہوئے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں۔ اجلاس میں آئی پی سی، پی ایس بی، نیسپاک اور پی تھری اے بورڈ کے حکام نے شرکت کی۔وفاقی وزیر نے منصوبے میں تاخیر پر عدم اطمینان کا اظہار کیا اور آئی پی سی کے عہدیداروں کو منصوبے پر تیز عملدرآمد نہ کرنے پر شدید برہمی کا اظہار بھی کیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ سات ماہ گزر جانے کے باوجود اس منصوبے میں کوئی پیشرفت نہیں ہوئی جو وزارت آئی پی سی کے غیر سنجیدہ رویے کو ظاہر کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ عوام کا پیسہ ہے جسے عوام کے لئے استعمال کیا جانا چاہئے۔ سپورٹس سٹی میں 14 سٹیڈیمز اور کھیلوں کے کورٹس ہیں جن میں کرکٹ، فٹ بال، ہاکی، والی بال، اسکواش، ٹیبل ٹینس، لان ٹینس، بیڈمنٹن کورٹ اور دیگر کھیلوں کے علاوہ سوئمنگ پول ہیں جن کا آغاز وفاقی وزیر نے کیا تھا تاہم 2018 میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت نے اس منصوبے کو بند کر دیا ۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ نارووال سپورٹس سٹی ایک قومی اثاثہ ہے۔وفاقی وزیر نے متعلقہ حکام کو یہ منصوبہ 23 مارچ 2023 کو فعال کرنے کی ہدایت بھی جاری کیں۔