وفاقی وزیر و صدر مسلم لیگ ن خیبرپختونخوا انجینئر امیر مقام سے مسلم لیگ ن گلگت بلتستان کے وفد کی ملاقات

121

اسلام آباد۔30جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر امور کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران اور صدر مسلم لیگ ن خیبر پختونخوا انجینئر امیر مقام سے مسلم لیگ ن گلگت بلتستان کے وفد نے جنرل سیکرٹری مسلم لیگ ن جی بی حاجی اکبر تابان کی قیادت میں جمعرات کو یہاں ملاقات کی۔

اس موقع پر وزیر زراعت جی بی انجینئر محمد انور اور ترجمان جی بی حکومت فیض اللہ فراق بھی موجود تھے۔ ملاقات میں گلگت بلتستان میں پارٹی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ مسلم لیگ ن گلگت بلتستان کے کارکنوں اور قیادت نے وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام اور مسلم لیگ ن کی پوری مرکزی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔

وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے کہا کہ تنظیمی امور پارٹی کے مرکزی صدر کا مینڈیٹ ہے، ہمیں اپنی پارٹی کو مضبوط کرنے کے لیے متحد ہونے کی ضرورت ہے، ہمیں اپنی پارٹی کے مفاد میں کام کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ آپ ہماری پارٹی کا اثاثہ ہیں، ہم مل بیٹھ کر ایک دوسرے کے تحفظات دور کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی ٹکٹ میرٹ پر امیدواروں کو دئیے جائیں گے، جی بی کے آنے والے انتخابات ہماری پارٹی کے لیے بہت اہم ہیں۔