وفاقی ٹیکس محتسب تاجر برادری کی ٹیکس شکایات کے جلد ازالہ کیلئے کوشاں ہے، ڈاکٹر آصف محمود جاہ

اسلام آباد۔3اکتوبر (اے پی پی):وفاقی ٹیکس محتسب ڈاکٹر آصف محمود جاہ نے کہا کہ تاجر برادری معیشت کی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے اور ان کا ادارہ ٹیکس دہندگان کی شکایات کا جلد ازالہ کر کے انہیں فوری، منصفانہ اور بلامعاوضہ انصاف فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہے تا کہ وہ معاشی ترقی میں مزید فعال کردار ادا کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کے ادارے کا مشن ٹیکس دہندگان کو ان کے دروازے پر انصاف فراہم کرنا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے وفاقی ٹیکس محتسب کے فیصلے کی روشنی میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں سوزوکی کار خریداروں کو زائد ادا کئے گئے سیلز ٹیکس کی واپسی کے چیک پیش کرنے کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے اس موقع پر آئی سی سی آئی کے نومنتخب صدر احسن ظفر بختاوری، سینئر نائب صدر فاد وحید اور نائب صدر محمد اظہر الاسلام ظفر کو مبارک باد پیش کی اور احسن ظفر بختاوری کو وفاقی ٹیکس محتسب کا ایک سال کیلئے اعزازی بزنس ایڈوائزر نامزد کرنے کا اعلان بھی کیا۔

ڈاکٹر آصف محمود جاہ نے کہا کہ پاکستان سوزوکی نے ایک ہزار سی سی تک کار کی بکنگ کرتے ہوئے خریداروں سے 17فیصد سیلز ٹیکس وصول کیا تھا لیکن آخری بجٹ میں ایک ہزار سی سی تک کی کاروں پر حکومت نے سیلز ٹیکس کم کر کے 12.5فیصد کر دیا تھا لہذا وفاقی ٹیکس محتسب نے چند شکایات موصول ہونے پرسوزوکی کار خریداروں کا ڈیٹا نکلوایا او ر انتھک کوشش کر کے 9 ہزار 500 کار خریداروں کو 4.5فیصد زائد سیلز ٹیکس واپس کروایا۔

انہوں نے کہا کہ ٹیکس دہندگان کی سہولت کے لیے وفاقی ٹیکس محتسب کے دفاتر کا نیٹ ورک مزید وسیع کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے تاجر برادری پر زور دیا کہ وہ ٹیکس شکایات کے ازالے کیلئے ان کے ادارے کی خدمات سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھائیں تاکہ وہ اپنے کاروبار کو بہتر فروغ دے سکیں۔

اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدراحسن ظفر بختاوری نے ٹیکس دہندگان کو سستا انصاف فراہم کرنے اور ان کی ٹیکس شکایات کا جلد ازالہ کرنے کیلئے وفاقی ٹیکس محتسب کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ سوزوکی کار خریداروں کو زائد سیلز ٹیکس کی ادائیگی کی واپسی اس بات کا ثبوت ہے کہ ٹیکس دہندگان کے مفادات کا بہتر تحفظ وفاقی ٹیکس محتسب کی اہم ترجیح ہے۔

انہوں نے یقین دلایا کہ اسلام آباد چمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری وفاقی ٹیکس محتسب کے ساتھ مل کر ٹیکس دہندگان کی سہولت کیلئے کام کرے گا۔چیمبر کے سینئر نائب صدر فاد وحید، نائب صدر محمد اظہر الاسلام ظفر، سبکدوش ہونے والے صدر محمد شکیل منیر نے بھی تاجر برادری کی ٹیکس شکایات کے جلد ازالے کیلئے وفاقی ٹیکس محتسب کے کردار کی تعریف کی اور امید ظاہر کی کہ آئی سی سی آئی اور وفاقی ٹیکس محتسب کے درمیان قریبی تعاون ٹیکس دہندگان کو مزید سہولت فراہم کرے گا۔

چیمبر کے سبکدوش ہونے والے سینئر نائب صدر جمشید اختر شیخ، نائب صدر محمد فہیم خان، سابق صدور طارق صادق، محمد احمد وحید، وفاقی ٹیکس محتسب کے ایڈوائزرز بشمول نثار احمد، الماس علی جوندہ، ماجد قریشی، ڈاکٹر ارسلان، ثروت طاہرہ حبیب، آئی سی سی آئی کے ایگزیکٹو ممبران اور دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔