ویرات کوہلی کو ٹی ٹونٹی کرکٹ سے ریٹائر ہوجانا چاہیے، شعیب اختر

راولپنڈی۔25اکتوبر (اے پی پی):سابق فاسٹ بائولر شعیب اختر نے کہا ہے کہ ویرات کوہلی کو ٹی ٹونٹی کرکٹ سے ریٹائر ہو جانا چاہیے، میں نہیں چاہتا کہ وہ اپنا سارا زور ٹی ٹونٹی کرکٹ میں لگائیں۔

اپنے یو ٹیوب چینل میں اظہار خیال کرتے ہوئے راولپنڈی ایکسپریس نے کہا کہ میری خواہش ہے کہ ویرات کوہلی ٹی ٹونٹی کرکٹ سے ریٹائر ہو جائیں کیونکہ کوہلی نے جتنا زور پاکستان کے خلاف میچ میں لگایا ، وہ ون ڈے کرکٹ میں تین سنچریاں بنا لیتے۔

ویرات کوہلی کو اپنے اوپر پورا اعتماد تھا اس لئے انہوں نے ایسی شاندار اننگز کھیلی۔ کوہلی نے تین سال تک مشکل وقت گزارا، وہ رنز نہیں بنا پائے، انہیں کپتانی سے ہٹا دیا گیا اور لوگوں نے طرح طرح کی چہ مگوئیاں شروع کردیں مگر کوہلی نے اپنی ٹریننگ جاری رکھی اور اپنی کارکردگی سے ناقدین کے منہ بند کردیئے۔ شعیب اختر نے کہا کہ پاک بھارت میچ میں ویرات کوہلی کے لئے واپسی کا بہترین موقع تھا اور اس میچ میں کنگ نے واپسی کی اور مجھے بہت خوشی ہوئی، کوہلی ایک گریٹ کرکٹر ہے۔