ویمنز ایشیا کپ ٹی 20 ، پاکستان نے ملائیشیا کو 9 وکٹوں سے ہرا دیا، قومی ٹیم اپنا دوسرا میچ کل بنگلہ دیش کے خلاف کھیلے گی

ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ سپر فور رائونڈکا چوتھا میچ بھارت اور سری لنکا کے درمیان (کل) کھیلا جائے گا

سلہٹ۔2اکتوبر (اے پی پی):ویمنز ایشیا کپ ٹی 20 میں پاکستان نے اپنے پہلے میچ میں ملائیشیا کو باآسانی 9 وکٹوں سے شکست دے دی، قومی خواتین ٹیم نے 58 رنز کا آسان ہدف 9 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کر لیا ، سدرہ امین نے 31 رنز بنائے ، طوبیٰ حسن کو عمدہ باؤلنگ کا مظاہرہ کرنے پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا ،

اتوار کو سلہٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے ٹورنامنٹ کے تیسرے میچ میں ملائیشیا ویمن نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 57 رنز بنائے ، ایلسا ہنٹر 29 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہیں ، پاکستان کی طرف سے امیمہ سہیل نے 3 اور طوبیٰ حسن نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ، جواب پاکستان ویمنز نے مطلوبہ ہدف باآسانی 9 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کر لیا ،

سدرہ امین نے 31 اور منیبہ علی نے 21 رنز بنائے ، طوبیٰ حسن کو میچ کی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ، قومی ٹیم اپنا دوسرا میچ کل( پیر کو) بنگلہ دیش کے خلاف کھیلے گی۔