اٹک۔ 13 جنوری (اے پی پی):اٹک پولیس نے نوجوان کی ویڈیو بنا کر بلیک میلنگ، بھتہ وصول کرنے اور ویڈیو وائرل کرنے کی دھمکیاں دے کر شہری کی موت کا سبب بننے والے 4 ملزمان گرفتار کر لئے ۔ ترجمان اٹک پولیس کے مطابق محمد صابر ولد باز خان سکنہ ٹانویں نے تھانہ پنڈیگھیب پولیس کو درخواست دی کہ میں معہ ابوبکر صدیق اور محمد عرفان سکنائے دیہہ اپنے گھر موجود تھے کہ میرا بیٹا محمد رمضان اپنے گھر آیا اور الٹیاں کرنے لگا جو ہمارے پوچھنے پر اس نے بتایا کہ تقریباً 3 ماہ قبل اشتیاق ولد بختیار ورغلا پھسلا کر ایک گھر میں لے گیا جہاں بعد میں زاکر ولد جابر، قاسم ولد نادر اور خضر ولد اعجاز بھی آ گئے ۔ چاروں نے مجھے کان پکڑوائے تشدد کرتے رہے اور ویڈیو بناتے رہے۔
بعد ازاں اسی ویڈیو کی بنا پر مجھے بلیک میل کر کے بھتہ وصول کرتے رہے ، اب مزید بھتہ کی ڈیمانڈ کر رہے تھے اور مجھے دھمکیاں دیں کہ چند دنوں تک رقم نہ دی تو ویڈیو وائرل کر دیں گے۔ اسی پریشانی کی وجہ سے میں نے تنگ آ کر زہر کی گولیاں کھا لی ہیں۔ میں ہمراہ ابوبکر صدیق اور محمد عرفان کے اپنے بیٹے کو علاج معالجہ کے لیے پنڈیگھیب ہسپتال لے کر گیا، بعد میں ہولی فیملی ہسپتال راولپنڈی لے آئے جہاں اسکی موت واقع ہو گئی۔ تھانہ پنڈیگھیب پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش عمل میں لاتے ہوئے شہری کی ویڈیو بنا کر بلیک میل کرکے بھتہ وصول کرنے اور ویڈیو وائرل کرنے دھمکیاں دے کر شہری کی موت کا سبب بننے والے 4 ملزمان اشتیاق ولد بختیار، زاکر ولد جابر، قاسم ولد نادر اور خضر ولد اعجاز سکنائے جنڈ کو گرفتار کر لیا ،جن سے مزید تفتیش جاری ہے