لاہور۔15دسمبر (اے پی پی):صدر لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری فہیم الرحمن سہگل نے کہا ہے کہ سٹیٹ بینک کی جانب سے پالیسی ریٹ میں 50 بیسز پوائنٹس کی کمی ایک مثبت قدم ہے یہ فیصلہ معاشی سرگرمیوں کے فروغ کا باعث بنے گا، صدر لاہور چیمبر نے وزیر اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات کے پیشِ نظر شرح …
پالیسی ریٹ میں 50 بیسز پوائنٹس کی کمی کا فیصلہ معاشی سرگرمیوں کے فروغ کا باعث بنے گا، صدر لاہور چیمبر

مزید خبریں
لاہور۔15دسمبر (اے پی پی):صدر لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری فہیم الرحمن سہگل نے کہا ہے کہ سٹیٹ بینک کی جانب سے پالیسی ریٹ میں 50 بیسز پوائنٹس کی کمی ایک مثبت قدم ہے یہ فیصلہ معاشی سرگرمیوں کے فروغ کا باعث بنے گا، صدر لاہور چیمبر نے وزیر اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات کے پیشِ نظر شرح سود کو سنگل ڈیجٹ میں لانا ناگزیر ہو چکا ہے۔وہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں منعقدہ غیر معمولی اجلاسِ عام سے خطاب کر رہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کاروبار کی لاگت اس حد تک بڑھ چکی ہے کہ صنعت اور تجارت کا پہیہ چلانا مشکل ہوتا جا رہا ہے، جس کے باعث صنعتی شعبے کو فوری اور مو ثر ریلیف کی اشد ضرورت ہے۔صدر لاہور چیمبر نے کہا کہ زیادہ شرح سود، مہنگی بجلی اور گیس کے نرخ صنعتوں کی بیرونِ ملک منتقلی کا باعث بن رہے ہیں، جو ملکی معیشت کے لیے خطرناک رجحان ہے۔
غیر معمولی اجلاسِ عام میں لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر تنویر احمد شیخ، نائب صدر خرم لودھی، نائب صدر سارک چیمبر اور سابق صدر لاہور چیمبر میاں انجم نثار، سابق صدر محمد علی میاں، سابق سینئر نائب صدور ظفر محمود چوہدری، خالد عثمان، سابق نائب صدور حارث عتیق، شاہد نذیر، ایگزیکٹیو کمیٹی ممبران اور ممبران کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔صدر لاہور چیمبر نے کہا کہ افراطِ زر کے باعث زندگی کے تمام شعبوں میں اخراجات میں غیر معمولی اضافہ ہو چکا ہے، جس سے کاروباری طبقہ شدید دبائو کا شکار ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ بجلی کے نرخوں کو خطے کے دیگر ممالک کے برابر لایا جائے تاکہ مقامی صنعت کو مسابقتی بنایا جا سکے۔ فہیم الرحمن سہگل نے مطالبہ کیا کہ نان فائلرز کو مراعات کے ذریعے ٹیکس نیٹ میں لایا جائے جبکہ موجودہ ٹیکس دہندگان کو مزید سہولت فراہم کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکس نظام کو سادہ، شفاف اور کاروبار دوست بنایا جائے اور غیر ضروری ودہولڈنگ ٹیکسز کا خاتمہ کیا جائے۔
صدر لاہور چیمبر نے کہا کہ پاکستان کو بڑھتے ہوئے تجارتی خسارے کا سامنا ہے، جس پر قابو پانے کے لیے برآمدات کے فروغ اور ایکسپورٹرز کو سہولت دینا ناگزیر ہے۔ انہوں نے فائنل ٹیکس رجیم کی بحالی اور ڈیوٹی ریفنڈز کی بروقت ادائیگی پر زور دیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سابق صدر لاہور چیمبر میاں انجم نثار نے اجلاس میں شریک ممبران کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ لاہور چیمبر ہمیشہ ممبران کی خدمت اور مسائل کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ معاشی حالات میں کاروباری لاگت میں اضافہ صنعت و تجارت کے لیے ایک سنجیدہ چیلنج بن چکا ہے، جس سے نمٹنے کے لیے پالیسیوں میں تسلسل اور عملی اقدامات کی ضرورت ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ٹیکس اصلاحات اور لاگت میں کمی کے ذریعے صنعتکاروں اور تاجروں کو ریلیف فراہم کیا جائے تاکہ معاشی سرگرمیوں کو فروغ مل سکے۔
دریں اثنا، لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے غیر معمولی اجلاسِ عام میں تمام ایجنڈا آئٹمز پر تفصیلی غور و خوض کے بعد اکثریتی رائے سے منظوری دے دی گئی۔ اجلاس کے اختتام پر ممبران نے اس عزم کا اظہار کیا کہ لاہور چیمبر تاجر برادری کے حقوق کے تحفظ اور کاروبار دوست پالیسیوں کے فروغ کے لیے اپنا مو ثر کردار آئندہ بھی جاری رکھے گا۔








