پانی کی کمی ملکی بنجر علاقوں کو دوبارہ کار آمد بنانے کی کوششوں میں بڑی رکاوٹ ہے،سیف الرحمان

لاہور۔23نومبر (اے پی پی):وفاقی ٹیکس محتسب کے کوآرڈینیٹر سیف الرحمان نے کہا ہے کہ پانی کی کمی ملک بھر کے بنجر علاقوں کو دوبارہ کار آمد بنانے کی کوششوں میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔ اتوار کو یہاں کینیڈا سے اقبال حسین شاہ قریشی کی قیادت میں پاکستانی نژاد غیر ملکی سرمایہ کاروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت کی بھر پور کوشش کے باوجود …

لاہور۔23نومبر (اے پی پی):وفاقی ٹیکس محتسب کے کوآرڈینیٹر سیف الرحمان نے کہا ہے کہ پانی کی کمی ملک بھر کے بنجر علاقوں کو دوبارہ کار آمد بنانے کی کوششوں میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔

اتوار کو یہاں کینیڈا سے اقبال حسین شاہ قریشی کی قیادت میں پاکستانی نژاد غیر ملکی سرمایہ کاروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت کی بھر پور کوشش کے باوجود پانی کی کمی کی وجہ سے زیر کاشت زمین میں اضافے کا عمل انتہائی سست ہے جس سے طویل مدتی فوڈ سکیورٹی کے اہداف کو نقصان پہنچ رہا ہے۔

انہوں نے کہاکہ آبادی میں اضافے کی شرح مستقبل کی منصوبہ بندی کے لیے سنگین خدشات پیدا کر رہی ہے،پاکستان کے پاس زرخیز لیکن ناقابل کاشت زمین کا وسیع رقبہ موجود ہے لیکن پانی کے بغیر ان خطوں کو پیداواری نہیں بنایا جا سکتا۔ انہوں نے آبپاشی کے جدید نظام، بارش کے پانی کے ذخیرے اور سطح و زیر زمین پانی کے وسائل کے بہتر استعمال سمیت پانی کے انتظام میں جامع اصلاحات کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ ٹیکنالوجی پر مبنی حل میں سرمایہ کاری، کارکردگی میں اضافے اور پانی کے ضیاع کو روکنے کے لیے اقدامات ضروری ہیں۔ سیف الرحمان نے پالیسی سازوں پر زور دیا کہ وہ طویل مدتی حکمت عملی اور زراعت کے لیے پانی کی فراہمی کو یقینی بنائیں بصورت دیگر دیہی غربت بڑھتی رہے گی اور خوراک کی درآمدات میں اضافہ ہوتا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ پانی کمی دور کرنا ملکی زرعی صلاحیت سے استفادہ کے لیے ناگزیر ہے۔