پاکستان، انڈونیشیا معاشی تعاون کے فروغ کی سمت ایک بڑا قدم،ایف پی سی سی آئی اور انڈونیشین چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے درمیان ایم او یو پر دستخط

اسلام آباد۔9دسمبر (اے پی پی):پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان معاشی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لئے اہم پیشرفت ہوئی ہے، دونوں ممالک کی ٹاپ بزنس باڈیز کے درمیان مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط ہو گئے ہیں۔ معاہدہ انڈونیشین صدر کے دورہ پاکستان کے موقع پر طے پایا۔ایم او یو پر فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی ) کے صدر عاطف …

اسلام آباد۔9دسمبر (اے پی پی):پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان معاشی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لئے اہم پیشرفت ہوئی ہے، دونوں ممالک کی ٹاپ بزنس باڈیز کے درمیان مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط ہو گئے ہیں۔

معاہدہ انڈونیشین صدر کے دورہ پاکستان کے موقع پر طے پایا۔ایم او یو پر فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی ) کے صدر عاطف اکرام شیخ نے دستخط کئے۔ معاہدے کے تحت ایف پی سی سی آئی اور انڈونیشین چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے مشترکہ ورکنگ گروپ قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے جو دونوں ممالک کے درمیان معاشی تعاون، باہمی سرمایہ کاری اور نجی شعبے کے روابط کو فروغ دینے کے لئے کام کرے گا۔

ورکنگ گروپ سالانہ بنیادوں پر دو اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد کرے گا جبکہ رابطہ کاری بہتر بنانے کے لئے ایک فوکل پرسن بھی مقرر کیا جائے گا۔ مشترکہ پالیسی سازی کے لئے دونوں ممالک کی اہم کاروباری تنظیموں کے نمائندے ورکنگ گروپ کا حصہ ہوں گے۔

ایف پی سی سی آئی کے صدر عاطف اکرام شیخ نے ورکنگ گروپ کے قیام کو دونوں ممالک کے درمیان معاشی و تجارتی تعلقات میں سنگ میل قرار دیتے ہوئے اس کی مکمل فعالیت کے لئے ایف پی سی سی آئی کے پلیٹ فارم سے ہر ممکن اقدامات اٹھانے کے عزم کا اظہار کیا۔