پاکستان آئی ایم ایف کے ساتھ پروگرام کو مکمل کرنے میں پر عزم ہے، وفاقی وزیرخزانہ سینیٹر اسحاق ڈار

اسلام آباد۔31جنوری (اے پی پی): وفاقی وزیرخزانہ سینیٹر اسحاق ڈارنے کہا ہے کہ پاکستان آئی ایم ایف کے ساتھ پروگرام کو مکمل کرنے میں پر عزم ہے، 9ویں جائزہ کی تکمیل کے لئے آئی ایم ایف کے مشن کے ساتھ مکمل تعاون کیاجائےگا، حکومت نے بجلی اورگیس سمیت معیشت کےمختلف شعبوں میں اصلاحات کاسلسلہ شروع کیاہے۔ انہوں نے یہ بات منگل کویہاں بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے جائزہ مشن کےساتھ ملاقات میں کہی۔ آئی ایم ایف کے وفد کی قیادت آئی ایم ایف کے مشن چیف نتھن پورٹر کررہےتھے۔

اس موقع پر آئی ایم ایف کی ریذیڈنٹ نمائندہ ایسترفیرس روئیس ،وزیرمملکت برائےخزانہ ومحصولات عائشہ غوث بخش،معاون خصوصی طارق باجوہ ، معاون خصوصی محصولات طارق محمود پاشا، گورنر سٹیٹ بینک جمیل احمد، سیکرٹری خزانہ ،چیئرمین ایف بی آر، آئی ایم ایف وفد کےارکان اوروزارت خزانہ کے سینئرافسران بھی موجود تھے۔ اجلاس میں آئی ایم ایف کے توسیع فنڈ سہولت (ای ایف سی) کے تحت 9 ویں جائزے کے لئے پاکستان کی معیشت اور مالیاتی واصلاحاتی ایجنڈاکاجائزہ لیاگیا۔

وزیرخزانہ نے آئی ایم ایف کے وفد کاخیرمقدم کیا اورپاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان دوستانہ تعلقات پر روشنی ڈالی۔ وزیر خزانہ نے مالیاتی خلیج کوکم کرنے ، ایکسچینج ریٹ کے استحکام اورمعیشت کی بہتری کے لئےتوانائی کے شعبے سمیت قومی معیشت کے مختلف شعبوں میں اصلاحات کے لئے حکومت کی جانب سے اٹھائے جانے والے اقدامات سے وفد کوآگاہ کیا۔ وزیرخزانہ نے کہاکہ حکومت نے بجلی کے شعبے میں بھی اصلاحات کاسلسلہ شروع کیاہے اور بجلی وگیس کے شعبے میں گردشی قرضے کےخاتمہ کے لئے ایک کمیٹی قائم کی گئی ہے جو ا س حوالے سے طریقہ کار وضع کرے گی۔

وزیر خزانہ نے مذاکرات کے تسلسل پرآئی ایم ایف کی مینجنگ ڈائریکٹر کاشکریہ اداکیا اور کہا کہ ماضی میں بطوروزیر خزانہ انہوں نے آئی ایم ایف کے ساتھ ایک پروگرام مکمل کیاتھا اور موجودہ حکومت آئی ایم ایف کےساتھ جاری پروگرام کو مکمل کرنے میں پرعزم ہے۔ انہوں نے 9ویں جائزے کی تکمیل میں آئی ایم ایف کو حکومت کی مکمل حمایت اور تعاون کا یقین دلایا۔ آئی ایم ایف کے مشن چیف نے اس امید کااظہار کیاکہ حکومت آئی ایم ایف کے تقاضوں کے مطابق 9ویں جائزہ کو مکمل کرےگی۔

انہوں نے اس امید کابھی اظہار کیاکہ پاکستان مختلف شعبوں میں اصلاحات کا سلسلہ جاری رکھے اور آئی ایم ایف کے پروگرام کوبروقت مکمل کرے گا۔ نیتھن پورٹر نے کہاکہ مالیاتی اصلاحات پر آئی ایم ایف پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرے گا۔