پاکستان اسٹاک ایکس چینج کے کاروبار حصص میں تیزی ،کے ایس ای 100 انڈیکس 200.56 پوائنٹس کے اضافہ کے ساتھ 41723.32 پوائنٹس پر بند

پاکستان اسٹاک ایکس چینج
پاکستان سٹاک ایکسچینج میں جمع کرائے گئے مالیاتی اعدادوشمار

کراچی۔8فروری (اے پی پی):پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں رواں کاروباری ہفتے کے تیسرے روز بدھ کوکاروبار حصص میں تیزی رہی ۔تفصیلات کے مطابق آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات میں بہتر توقعات پر سرمایہ کاروں کی جانب سے آئل اورگیس، پاور ،فارما ٹیلی کام،پیٹرولیم،بینکنگ سمیت دیگر شعبوں میں خریداری کے باعث پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں بدھ کو بھی کاروبار میں تیزی رہی جس سے انڈیکس کی41600 اور 41700 پوائنٹس کی مزید دو سطحیں بحال ہوگئیں۔

تیزی کے سبب 53.46فیصد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں جبکہ مارکیٹ سرمائے میں 24ارب 72 کروڑ روپے سے زائد کا اضافہ ہوگیا۔ کاروباری دورانئیے کے دوران منافع کے حصول کیلئے مال کی فروخت سے مارکیٹ اتار چڑھاو اور مندی کی لپیٹ میں رہی جس سے ایک موقع پر 117پوائنٹس کی مندی بھی ہوئی لیکن بعد دوپہر مواصلات آئل اینڈ گیس پاور سمیت دیگر شعبوں میں خریداری سرگرمیاں بڑھنے سے جاری مندی 326پوائنٹس کی تیزی میں تبدیل ہوگئی تاہم اختتامی لمحات میں دوبارہ پرافٹ ٹیکنگ سے تیزی کی مذکورہ شرح میں کمی واقع ہوئی اور کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 200.56 پوائنٹس کے اضافے سے 41723.32 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا جبکہ کے ایس ای 30انڈیکس 82.99 پوائنٹس کے اضافے سے 15745.93، کے ایم آئی 30 انڈیکس 493.80پوائنٹس کے اضافے سے 72446.05 اورآل شیئرز انڈیکس 105.04پوائنٹس کے اضافے سے 27744.86 پر بند ہوا۔

مارکیٹ کا مجموعی سرمایہ 24ارب 72 کروڑ 67لاکھ 71ہزار 256 روپے بڑھ کر65کھرب32ارب 82کروڑ47لاکھ 58ہزار748 روپے پر پہنچ گیا۔ کاروباری حجم منگل کی نسبت فیصد زائد رہا اور مجموعی طور پر 29کروڑ 77لاکھ 73ہزار 210حصص کے سودے ہوئے جبکہ گزشتہ روز29کروڑ65لاکھ95ہزار سے زائد شیئرز کے سودے ہوئے تھے۔

کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ کار 346 کمپنیوں کے حصص تک محدود رہا جن میں 185 کے بھاو میں اضافہ 132 کے داموں میں کمی اور 29 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔ جن کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا ان میں بھنیرو ٹیکسٹائل اور لکی کور انڈسٹری کے بھا 76.51روپے اور 34.74 روپے بڑھکر بالترتیب 1096.61 روپے اور 560.74روپے ہوگئے جبکہ نمایا کمی سفائر فائبر اور سفائر ٹیکسٹائل کے شیئرز کے داموں میں رہی جنکے بھا41.67 روپے اور38.27 روپے گھٹ کر بالتریب 1100روپے اور 986.73روپے رہ گئے۔