پاکستان انتھک محنت اور لازوال قربانیوں کے نتیجے میں معرض وجود میں آیا،ملک خداد پاکستان کی حفاظت ہم سب کی ذمہ داری ہے، راجہ پرویز اشرف

raja pervez

اسلام آباد۔14اگست (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ پاکستان انتھک محنت اور لازوال قربانیوں کے نتیجے میں معرض وجود میں آیا،ملک خداد پاکستان کی حفاظت ہم سب کی ذمہ داری ہے۔

اتوار کو 75 ویں یوم آزادی پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ہر شہری پر فرض ہے کہ اس ملک کی تعمیر و ترقی کے لیے دن رات کام کرے، آج کا دن ہمیں اپنے اجداد کی لازوال قربانیوں کی یاد دلاتا ہے، قائد اعظم محمد علی جناح کی انتھک محنت اور ہمارے بزرگوں کی لازوال قربانیوں کے باعث آج ہم آزاد فضا میں سانس لے رہے ہیں۔

سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پوری قوم اس سال پاکستان کی ڈائمنڈ جوبلی منا رہی ہے،قومی اسمبلی نے ڈائمنڈ جوبلی کے سلسلے میں 10 اگست سے 14 اگست تک خصوصی تقریبات کا اہتمام کیا،ڈائمنڈ جوبلی تقریبات میں خواتین ، بچوں ، نوجوانوں اور سابق ممبران پارلیمنٹ کے کنونشنز منعقد ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ کنونشنز میں خواتین، بچوں اور سابق اور موجودہ اراکین پارلیمنٹ نے ملک مسائل پر کھل کر اپنے خیالات کا اظہار کیا، ڈائمنڈ جوبلی کنونشن میں بچوں نے ملک کے معروضی حالات اور مسائل کے حل کے لیے شاندار الفاظ میں اظہار خیال کیا،ہماری آنے والی نسل میں وہ تمام صلاحیتیں موجود ہیں جسے بروئے کار لا کر ملک کو بحرانوں سے نکالا جا سکتا ہے، موجودہ اتحادی حکومت ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے بھرپور اقدامات اٹھا رہی ہے۔

راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ موجودہ حکومت ان تمام خوابوں کو شرمندہ تعمیر کرنا چاہتی ہے جو ہمارے آبا و اجداد نے اس وطن کے لیے دیکھے،آج اس تجدید عہد کا دن ہے کہ ہم ملک کی تعمیر و ترقی کے لیے دن رات کام کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک خداد پاکستان پر جب بھی کڑا وقت آئے گا کسی بھی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے، ہماری مسلح افواج نے ملک کے دفاع کو مضبوط بنانے میں لازوال قربانیاں دی ہیں۔