کراچی۔ 17 اکتوبر (اے پی پی):پاکستان انڈر19نے چار روزہ میچ میں سری لنکا انڈر19 کو 9 وکٹوں سے شکست دے دی،پاکستان نے 8 رنز کا ہدف ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے واحد چار روز میچ کے تیسرے دن منگل کوپاکستان نے سری لنکا کو 9وکٹوں سے شکست دے دی۔پاکستان کو تیسرے روز فتح کے لیے 8رنز کا ہدف ملا،شاہ زیب خان 2اور سعد بیگ 6رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے۔ سری لنکن ٹیم دوسری اننگز کے60.2اوورز میں 236رنز پر ہمت ہارگئی۔
کپتان سینتھ جے وردھنے 52رنز کے ساتھ نمایاں رہے،پلندو پریرا 50،وشوا لاہیرو29 رنز بنانے میں کامیاب رہے، روی شن ڈی سلوا نے 24رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔علی اسفند،محمد اسمعیل، نوید احمد خان اور محمد ابتسام نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں ۔ایمل خان ایک وکٹ اپنے نام کرنے میں کامیاب رہے۔ مہمان ٹیم پہلی اننگز میں 204رنز بنا کر فالو آن پر مجبور ہوگئی تھی۔پاکستان انڈر 19نے پہلی اننگز میں 9وکٹوں پر 433رنز بنا کراننگز ڈیکلیئرڈ کردی تھی۔