پاکستان اورفرانس نے پاکستان کے ذمہ واجب الادا 107 ملین ڈالرکے قرضہ کومعطل کرنے کے معاہدے پردستخط کردئیے

اسلام آباد۔27جون (اے پی پی):پاکستان اورفرانس نے گروپ۔ 20 کے قرضہ معطل کرنے کے اقدام (ڈی ایس ایس آئی )کے تحت پاکستان کے ذمہ واجب الادا 107 ملین ڈالرکے قرضہ کومعطل کرنے کے معاہدے پردستخط کردئیے۔

وزارت اقتصادی امورکے ترجمان نے بتایا کہ اس قرضہ کی ادائیگی جولائی تادسمبر2021 کے دوران ہونا تھی تاہم معاہدے پردستخط کے بعد اب یہ قرضہ 6 سال کی مدت میں سال میں دو قسطوں میں اداہوگا جس میں ایک سال کی رعایتی مدت بھی شامل ہے۔واضح رہے کہ پاکستان اس سے قبل ڈی ایس ایس آئی کے تحت فرانس کے ساتھ 261 ملین ڈالرقرضہ معطلی کے معاہدوں پردستخط کرچکاہے۔

گروپ 20 کے ممالک نے کورونا وائرس کی عالمگیروبا کے تناظرمیں ترقی پذیرممالک کووبا سے نمٹنے کیلئے ضروری مالی گنجائش کی فراہمی کیلئے یہ سکیم شروع کی تھی۔ پاکستان کے ترقیاتی شراکت دارممالک اوراداروں نے وبا کی مدت میں صحت اوراقتصادی شعبہ میں ضروری اخراجات کیلئے مالی گنجائش فراہم کرنے میں اپنا کرداراداکیاہے۔