پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان فیصلہ کن ون ڈے کرکٹ میچ کل( ہفتہ کو )کھیلا جائے گا

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان فیصلہ کن ون ڈے کرکٹ میچ کل( ہفتہ کو )کھیلا جائے گا

لاہور۔1اپریل (اے پی پی):پاکستان اور آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تین ون ڈے انٹرنیشنل میچوں پر مشتمل سیریز کا فیصلہ کن میچ کل( ہفتہ کو) قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔

میچ ڈے، نائٹ ہو گا اور پاکستانی وقت کے مطابق دن 3 بجے شروع ہو گا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان تین میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر ہے۔

کینگروز نے پہلے میچ میں گرین شرٹس کو 88 رنز سے شکست دی تھی ، پاکستان ٹیم نے دوسرے میچ میں حساب برابر کرتے ہوئے آسٹریلوی ٹیم کو 6 وکٹوں سے ہرا دیا۔

دونوں ٹیموں کے درمیان فیصلہ کن میچ کل ہفتہ کو کھیلا جائے گا۔ دونوں ٹیموں کے کپتانوں نے کامیابی کے لئے بیانات دیئے ہیں اور تیسرے اور آخری میچ میں کانٹے دار مقابلے کی توقع کی جارہی ہے۔

قومی ٹیم مایہ ناز بیٹر بابر اعظم کی زیرقیادت میدان میں اترے گی جبکہ آسٹریلوی ٹیم کو ایرن فنچ لیڈ کریں گے۔

دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز میں شامل واحد ٹی 20 انٹرنیشنل میچ 5 اپریل کو کھیلا جائے گا۔ تمام میچز قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلے جائیں گے۔