اسلام آباد۔16دسمبر (اے پی پی):خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کی مؤثر کاوشوں کے نتیجے میں پاکستان کے بین الاقوامی اقتصادی تعلقات کو ایک اور بڑی کامیابی حاصل ہوئی ہے، جہاں پاکستان اور ازبکستان نے ترجیحی تجارتی معاہدے میں توسیع پر اتفاق کر لیا ہے۔ اس پیش رفت کو دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کی جانب ایک اہم سنگ میل قرار …
پاکستان اور ازبکستان کے مابین تجارتی معاہدے میں توسیع، دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری میں نمایاں پیش رفت

مزید خبریں
اسلام آباد۔16دسمبر (اے پی پی):خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کی مؤثر کاوشوں کے نتیجے میں پاکستان کے بین الاقوامی اقتصادی تعلقات کو ایک اور بڑی کامیابی حاصل ہوئی ہے، جہاں پاکستان اور ازبکستان نے ترجیحی تجارتی معاہدے میں توسیع پر اتفاق کر لیا ہے۔ اس پیش رفت کو دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کی جانب ایک اہم سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے۔دونوں ممالک کے اعلیٰ سطحی وفود کے درمیان ہونے والے مذاکرات میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ آئندہ دو سال کے دوران پاکستان اور ازبکستان کے مابین دوطرفہ تجارت کا حجم بڑھا کر 2 بلین ڈالر تک لے جایا جائے گا۔
قیادت کی سطح پر باہمی معاشی تعاون کو مزید وسعت دینے اور اقتصادی روابط کو مضبوط بنانے کے عزم کا بھی اعادہ کیا گیا۔ملاقات کے دوران پاک۔ازبک تجارت میں سہولت پیدا کرنے کے لیے کسٹمز ہم آہنگی، ڈیجیٹل کنیکٹیوٹی، اور ریئل ٹائم ڈیٹا ایکسچینج جیسے اقدامات پر خصوصی زور دیا گیا۔ ان اقدامات سے تجارتی لاگت میں کمی، تیز رفتار کلیئرنس اور کاروباری ماحول میں بہتری متوقع ہے۔ازبکستان کی جانب سے ٹیکسٹائل، لیدر، فارماسیوٹیکل اور سرجیکل آلات کے شعبوں کو مشترکہ منصوبوں اور ٹیکنالوجی ٹرانسفر کے لیے ترجیحی شعبے قرار دیا گیا۔ ان شعبوں میں تعاون سے نہ صرف صنعتی پیداوار میں اضافہ ہوگا بلکہ پاکستان میں روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔
ترجیحی تجارتی معاہدے میں توسیع سے پاکستان کے تجارتی حجم میں نمایاں اضافہ ہوگا اور عالمی سرمایہ کاروں کا اعتماد مزید مستحکم ہوگا، جس کے نتیجے میں معیشت تیزی سے ترقی کی نئی بلندیوں کی جانب گامزن ہو سکے گی۔ایس آئی ایف سی کا کردار اس پورے عمل میں کلیدی رہا، جو پاکستان میں بین الاقوامی سرمایہ کاری، تجارت اور اسٹریٹجک اقتصادی شراکت داریوں کے فروغ کے لیے مسلسل سرگرم عمل ہے۔ یہ پیش رفت خطے میں پاکستان کے بڑھتے ہوئے معاشی کردار اور عالمی اقتصادی انضمام کی واضح عکاس ہے۔








